Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ایران کے ساحلی شہر بندر عباس میں زور دار دھماکا

دھماکے کی شدت سے قریبی کھڑی متعدد گاڑیاں اور اطراف میں موجود دکانیں بھی متاثر ہوئیں۔

بندر عباس: ایران کے خلیجی ساحلی شہر بندر عباس میں ہفتے کے روز ایک رہائشی عمارت میں زور دار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں عمارت کو شدید نقصان پہنچا اور علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق دھماکا شہر کے معلم بلیوارڈ کے علاقے میں واقع آٹھ منزلہ رہائشی عمارت میں ہوا جس کے باعث عمارت کی دو منزلیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔ دھماکے کی شدت سے قریبی کھڑی متعدد گاڑیاں اور اطراف میں موجود دکانیں بھی متاثر ہوئیں۔

سرکاری میڈیا کے مطابق دھماکے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہوسکیں۔ واقعے کے فوراً بعد ریسکیو، فائر بریگیڈ اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، جنہوں نے متاثرہ افراد کو نکالنے اور آگ بجھانے کا عمل شروع کردیا۔ امدادی کارروائیاں تاحال جاری ہیں۔

ایرانی میڈیا نے بعض غیر مصدقہ خبروں کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ دھماکے میں پاسدارانِ انقلاب کے کسی کمانڈر کو نشانہ بنائے جانے کی اطلاعات بے بنیاد ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات شروع کردی گئی ہیں جب کہ جانی و مالی نقصانات کا تخمینہ لگایا جارہا ہے۔ ابتدائی طور پر کسی جانی نقصان کی تصدیق نہیں کی گئی تاہم حکام نے شہریوں کو متاثرہ علاقے سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔

متعلقہ خبریں