یونان کے دارالحکومت ایتھنز میں فرینڈز آف کشمیر کے زیرِاہتمام یومِ یکجہتی کشمیر بھرپور انداز میں منایا گیا۔
خراب موسم کے باوجود کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی، یکم فروری کو ہونے والے مظاہرے میں شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف احتجاج اور کشمیری عوام سے یکجہتی کے نعرے درج تھے۔
مظاہرین نے اقوامِ متحدہ اور عالمی طاقتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پائیدار حل کے لیے عملی کردار ادا کریں۔
مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو ایک فوجی چھاؤنی میں تبدیل کر دیا ہے، جہاں کشمیری عوام شدید انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور ریاستی جبر کا سامنا کر رہے ہیں، جبکہ عالمی برادری کی خاموشی لمحۂ فکریہ ہے۔
مزید پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں صحافت پر شب خون، مودی کی نام نہاد جمہوریت کا اصل چہرہ آشکار
مقررین کا کہنا تھا کہ مودی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے کشمیری عوام کی امنگوں کو کچلا اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کی۔
انہوں نے زور دیا کہ مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔
مظاہرین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جب تک مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم بند نہیں ہوتے، دنیا بھر میں بھارت کے اصل چہرے کو بے نقاب کرتے رہیں گے۔
مظاہرے کے اختتام پر مقبوضہ کشمیر کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔



















