یونان کے جزیرے خیوس کے ساحل کے قریب کوسٹ گارڈ اور تارکین وطن کی کشتی کے درمیان تصادم میں پندرہ تارکین وطن ہلاک ہوگئے ہیں۔
عالمی میڈیا کے مطابق واقعے میں پندرہ تارکین وطن کی ہلاکت کی تصدیق ہوچکی ہے، جبکہ اب تک پچاس سے زائد زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جا چکا ہے، مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ واقعہ منگل کی رات پیش آیا، جب لیبیا سے روانہ ہونے والی اسپیڈ بوٹ کو روکنے کے لیے کوسٹ گارڈ نے آپریشن شروع کیا۔
یونانی کوسٹ گارڈ کے مطابق اسپیڈ بوٹ نے خطرناک حرکات کیں، جس کے بعد فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ زخمی اور ہلاک ہونے والے تارکین وطن مختلف ممالک سے تعلق رکھتے ہیں۔
مزید پڑھیں: یونان میں دنیا کے قدیم ترین لکڑی کے اوزار دریافت
میڈیا رپورٹس کے مطابق کوسٹ گارڈ نے فضائیہ کے تعاون سے تلاش اور بچاؤ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ اس میں ایک سپر پوما ہیلی کاپٹر بھی شامل ہے، جو تھرمل کیمروں کے ذریعے سمندر میں زندہ بچ جانے والوں کو تلاش کر رہا ہے۔
جائے وقوعہ پر سخت کنٹرول برقرار ہے اور ہمسایہ جزیروں سے کوسٹ گارڈ یونٹس اور جہاز رانی کی وزارت کی انٹیلی جنس سروس کو متحرک کر دیا گیا ہے تاکہ واقعے کی تحقیقات کی جا سکیں اور ملوث افراد کی شناخت کی جا سکے۔


















