Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

امریکا کا ہنگامی الرٹ، ایران میں موجود شہریوں کو فوراً ملک چھوڑنے کا حکم

اگر حالات اجازت دیں تو امریکی شہری زمینی راستے سے آرمینیا یا ترکیے جانے پر غور کریں

مشرقِ وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال کے تناظر میں امریکا نے ایران میں موجود اپنے شہریوں کے لیے ہنگامی سفری ہدایت جاری کر دی ہے۔

امریکی ورچوئل ایمبیسی نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ ایران میں مقیم امریکی شہری فوری طور پر ملک چھوڑنے کا انتظام کریں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جاری بیان میں خبردار کیا گیا ہے کہ امریکی شہری ایران سے روانگی کے لیے امریکی حکومت کی براہِ راست مدد پر انحصار نہ کریں اور اپنی مدد آپ کے تحت فوری سفری منصوبہ بنائیں۔

بیان میں اس خدشے کا بھی اظہار کیا گیا ہے کہ پروازوں کی منسوخی یا سفری تعطل کسی بھی وقت پیدا ہو سکتا ہے۔

امریکی حکام نے مزید ہدایت کی ہے کہ اگر کسی وجہ سے فوری طور پر ایران چھوڑنا ممکن نہ ہو تو شہری اپنے گھروں یا کسی محفوظ مقام پر قیام کریں اور خوراک، پانی، ادویات اور دیگر ضروری اشیاء کا وافر ذخیرہ رکھیں۔

بیان میں یہ آپشن بھی دیا گیا ہے کہ اگر حالات اجازت دیں تو امریکی شہری زمینی راستے سے آرمینیا یا ترکیے جانے پر غور کریں۔