امریکا اور ایران کے درمیان عمان میں ہونے والے حالیہ مذاکرات میں دونوں فریقین نے بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کرلیا۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق مذاکرات کے بعد اس بات پر آمادگی ظاہر کی گئی ہے کہ آئندہ بھی مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا اور بعد کی تاریخ میں دوبارہ ملاقات ہوگی۔
ایرانی سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان ہونے والی اس ملاقات کو سفارتی سطح پر ایک مثبت پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔ مذاکرات میں شامل فریقین نے مستقبل میں رابطے اور گفت و شنید کو برقرار رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے مذاکرات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ امریکا کے ساتھ ہونے والی بات چیت ایک اچھی شروعات ثابت ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا سے جوہری معاملات پر مذاکرات جاری رکھنے کے لیے مفاہمت طے پاگئی ہے جو آگے بڑھنے کی راہ ہموار کرسکتی ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ کے مطابق مذاکرات کے دوران دونوں فریقین نے اپنے خیالات اور تحفظات ایک دوسرے تک واضح طور پر پہنچائے جب کہ بات چیت کے عمل میں سنجیدگی اور سفارتی آداب کا مکمل خیال رکھا گیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ مذاکرات کار مشاورت کے لیے اپنے اپنے ممالک واپس جائیں گے تاہم بات چیت کا سلسلہ جاری رہے گا اور آئندہ مرحلے میں مذاکرات دوبارہ شروع کیے جائیں گے۔
ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکا کے ساتھ تعلقات میں موجود بے اعتمادی کی دیوار کو عبور کرنا ناگزیر ہے کیونکہ اعتماد کی بحالی کے بغیر مذاکرات کو کسی حتمی نتیجے تک پہنچانا ممکن نہیں۔




















