Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

امریکا کے جنگلات میں لگنے والی آگ کے دھوئیں سے سالانہ 24 ہزار اموات رپورٹ

جنگلات میں لگنے والی آگ کا دھواں ایک سنگین ماحولیاتی خطرہ بن چکا ہے، ماہرین

امریکا میں جنگلات میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں پیدا ہونے والا دھواں ہر سال ہزاروں انسانی جانوں کے ضیاع کا سبب بن رہا ہے۔

ایک نئی سائنسی تحقیق کے مطابق صرف دھوئیں میں موجود آلودگی کی وجہ سے امریکا میں سالانہ اوسطاً 24 ہزار سے زائد افراد موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔

یہ تحقیق ایک سائنسی جریدے میں شائع کی گئی جس میں بتایا گیا ہے کہ 2006 سے 2020 کے دوران امریکا کی 48 ریاستوں میں جنگلاتی آگ کے دھوئیں میں موجود انتہائی باریک ذرّات کے مسلسل اثرات کے باعث ہر سال اوسطاً 24 ہزار ایک سو اموات ہوئیں۔

ماہرین کے مطابق یہ ذرّات انسانی صحت کے لیے نہایت خطرناک ہیں اور طویل مدت تک سانس کے ذریعے جسم میں داخل ہوکر مہلک بیماریوں کا سبب بنتے ہیں۔

تحقیق میں شامل ماہرین کا کہنا ہے کہ جنگلات میں لگنے والی آگ کا دھواں ایک سنگین ماحولیاتی خطرہ بن چکا ہے جو موسمیاتی تبدیلی کے باعث مزید شدت اختیار کررہا ہے۔ آگ کے واقعات میں اضافے اور ان کی شدت بڑھنے سے انسانی صحت کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچ رہا ہے۔

ماہرین کے مطابق دھوئیں میں موجود باریک ذرّات پھیپھڑوں میں گہرائی تک پہنچ جاتے ہیں اور خون کے نظام میں شامل ہوکر مختلف بیماریوں کو جنم دیتے ہیں۔

قلیل مدت میں یہ کھانسی، آنکھوں میں جلن اور سانس کی تکلیف کا باعث بنتے ہیں جب کہ طویل عرصے تک ان کا سامنا رہنے سے سانس، دل اور اعصابی نظام کی بیماریاں پیدا ہوسکتی ہیں جو قبل از وقت موت تک لے جاسکتی ہیں۔

تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ یہ اموات اکثر براہِ راست جنگلاتی آگ سے منسوب نہیں ہوتیں کیونکہ زیادہ تر متاثرہ افراد پہلے ہی کمزور صحت کے حامل ہوتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق اگرچہ موت کی سرکاری وجوہات میں جنگلاتی آگ درج نہیں ہوتی مگر حقیقت یہ ہے کہ یہ دھواں خاموشی سے قیمتی جانیں لے رہا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق اگر فضا میں باریک ذرّات کی مقدار میں معمولی سا اضافہ بھی ہو تو ہزاروں اضافی اموات واقع ہوسکتی ہیں۔ تحقیق میں دیہی علاقوں اور کم عمر آبادی کو زیادہ متاثر پایا گیا جبکہ سرد موسم میں اس کے اثرات مزید شدید دیکھے گئے۔

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ موسمیاتی پالیسیوں میں نرمی اور جنگلاتی آگ کو قدرتی آفت سمجھ کر نظرانداز کرنا انسانی صحت کے لیے شدید خطرات پیدا کرسکتا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ جنگلاتی آگ سے پیدا ہونے والی آلودگی پر قابو پانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات ناگزیر ہوچکے ہیں۔

متعلقہ خبریں