Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ایران امریکا کشیدگی میں شدت؛ خطے میں جنگ کے بادل منڈلانے لگے

لڑاکا طیاروں سے بھرا دوسرا امریکی بحری بیڑا جیرالڈ فورڈ بحیرہ روم میں داخل ہوگیا

ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث خطے میں ممکنہ تصادم کے خدشات مزید شدت اختیار کر گئے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق امریکا کا دوسرا بحری بیڑا، جس میں لڑاکا طیاروں سے لیس طیارہ بردار جہاز USS Gerald R. Ford شامل ہے، بحیرہ روم میں داخل ہو چکا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق امریکا کی جانب سے خطے میں عسکری موجودگی میں اضافہ کیا جا رہا ہے جبکہ اردن کے ایئربیس پر بھی کم از کم 60 لڑاکا طیارے تعینات کیے گئے ہیں۔

بعض تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ امریکا ممکنہ طور پر ایرانی قیادت کو براہِ راست نشانہ بنانے کے آپشنز پر غور کر رہا ہے، تاہم اس حوالے سے کوئی سرکاری تصدیق سامنے نہیں آئی۔

ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ عالمی طاقتیں ایران پر دباؤ بڑھانے کے لیے صف بندی کر رہی ہیں، مگر ایران کسی دباؤ کے سامنے سر نہیں جھکائے گا۔ ملک اپنی خودمختاری اور مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔

دوسری جانب اقوام متحدہ نے ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فریقین پر زور دیا ہے کہ تنازعات کے حل کے لیے سفارت کاری اور مذاکرات کا راستہ اختیار کیا جائے۔

یاد رہے کہ ایران نے گزشتہ روز اقوام متحدہ کو ایک خط بھی ارسال کیا، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ کسی بھی جارحیت کی صورت میں ایران اپنے دفاع کا حق استعمال کرے گا اور اس کے نتائج کی ذمہ داری امریکا پر عائد ہوگی۔

متعلقہ خبریں