Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ایک اور ملک کا 15 سال سے کم بچوں کے لیے سوشل میڈیا پر پابندی لگانے کا فیصلہ

یورپ کے ڈنمارک، یونان، فرانس، اسپین اور برطانیہ جیسے ممالک بھی ایسے اقدامات پر غور کررہے ہیں۔

پولینڈ کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ وہ 15 سال سے کم عمر بچوں کے لیے سوشل میڈیا تک رسائی پر پابندی عائد کرنے کا منصوبہ لارہی ہے جسے متوقع طور پر 2027 کے آغاز تک نافذ کیا جائے گا۔

پولینڈ میں تعلیم کی وزیر باربرا نوواکا کے مطابق حکومتی جماعت سیوِک کولیشن جمعے کو اس قانون کا مسودہ پارلیمنٹ میں پیش کرے گی۔

انہوں نے بتایا کہ نئے قانون کے تحت سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر سخت عمر کی تصدیق کے نظام لاگو کرنا لازمی ہوگا اور ایسے پلیٹ فارمز پر جرمانہ بھی عائد کیا جاسکتا ہے جو کم عمر صارفین کو اپنی خدمات تک رسائی دیں۔

وزیر تعلیم نے کہا کہ حکومت بچوں کی ذہنی صحت اور فکری نشوونما پر سوشل میڈیا کے منفی اثرات کے بارے میں فکرمند ہے۔ حکام ابھی یہ طے کررہے ہیں کہ خلاف ورزی کرنے والی کمپنیوں پر جرمانے کی رقم کتنی ہوگی۔

خیال رہے کہ یورپ کے کئی دیگر ممالک بھی ایسے اقدامات پر غور کررہے ہیں جن میں ڈنمارک، یونان، فرانس، اسپین اور برطانیہ شامل ہیں جب کہ ان کی حکومتیں بچوں پر سوشل میڈیا کے نقصان دہ یا لت لگانے والے اثرات پر تشویش ظاہر کررہی ہیں۔

اسپین نے پہلے ہی 16 سال سے کم عمر صارفین کے لیے سوشل میڈیا تک رسائی محدود کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اسپین کے وزیرِ اعظم پیڈرو سانچیز کا کہنا تھا کہ پلیٹ فارمز کو لازمی طور پر عمر کی تصدیق کے نظام متعارف کرانا ہوں گے تاکہ نوجوانوں کے لیے ایک محفوظ ڈیجیٹل ماحول بنایا جاسکے۔

دریں اثنا میٹا اور ایکس سمیت سوشل میڈیا کمپنیاں یورپ میں بڑھتے ہوئے قواعد و ضوابط کے دباؤ کا سامنا کرسکتی ہیں۔ یہ اقدامات ان بڑی ٹیک کمپنیوں کے لیے چیلنج بھی ثابت ہوسکتے ہیں جو پہلے آسٹریلیا جیسے ممالک میں متعارف کرائے گئے اسی طرح کے قوانین کی مخالفت کرچکی ہیں۔

دوسری جانب یہ بحث اب امریکا میں بھی جاری ہے، جہاں لاس اینجلس میں ایک سول مقدمے میں یہ دیکھا جارہا ہے کہ آیا میٹا اور یوٹیوب جیسے پلیٹ فارمز نے اپنے فیچرز بچوں کو زیادہ دیر تک مشغول رکھنے کے لیے خاص طور پر ڈیزائن کیے ہیں یا نہیں۔

وکلاء کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا کمپنیوں نے جان بوجھ کر ایسے فیچرز تیار کیے ہیں جو بچوں کو لت لگانے اور زیادہ وقت آن لائن گزارنے پر مجبور کرتے ہیں۔