امریکی سینٹرل کمانڈ نے پاسداران انقلاب کے کمانڈ اینڈ کنٹرول تنصیبات، فضائی دفاعی تنصیبات، میزائل اور ڈرون لانچنگ سائٹس اور ہوائی اڈوں کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
دوسری جانب ایران کی جانب سے مشرق وسطیٰ کے مختلف ممالک میں قائم امریکا کے 6 فوجی اڈوں پر میزائل حملے کیے گئے ہیں، جبکجہ ایران نے اسرائیل کے مختلف شہروں پر بھی میزائلوں کی برسات کی ہے، جس میں متعد امریکی فوجیوں اور اسرائیلیوں کی ہلاکت کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
کینیڈا کی اپنے شہریوں کو فوری طورپر دبئی چھوڑنےکی ہدایت
کینیڈین حکام نے پیغام میں کہا ہے کہ امارات میں موجودکینیڈین شہری خصوصی پروازوں کا انتظار نہ کریں۔ زمینی راستےسے سعودی عرب یاسلطنت عمان پہنچیں۔
حکام نے کسی بھی وقت میزائل یا ڈرون حملے کے خدشے سے خبردار کرتےہوئے کہا کہ سکیورٹی صورتحال اچانک مزید بگڑ سکتی ہے۔
You should leave the #UnitedArabEmirates as soon as you can secure a flight option. The airspace is subject to intermittent, temporary and partial closures.
https://t.co/hzW56APeml pic.twitter.com/BGLEj8Y1v9— Travel.gc.ca (@TravelGoC) March 2, 2026
حکام نے شہریوں کو فوجی تنصیبات اور حساس مقامات سے دور رہنے کی بھی ہدایت کی۔
پاکستان سے مشرق وسطیٰ کی آج بھی 155 پروازیں منسوخ
خطے کی کشیدہ صورت حال کے باعث پاکستان سے مشرق وسطی کی آج بھی 155 پروازیں منسوخ کردی گئیں۔
کراچی کی 38، لاہور 32، اسلام آباد کی 36 پروازیں منسوخ کی گئیں۔ پشاور کی 16، سیالکوٹ 13، فیصل آباد 8، ملتان 10، کوئٹہ کی 2 پروازیں منسوخ کی گئیں۔
پاکستان کی 4 دن میں مشرق وسطی کی منسوخ پروازیں 600 سے تجاوزکرگئیں۔
امریکا کی اپنے شہریوں کو مشرق وسطیٰ کے 14 ممالک سے فوری نکلنےکی ہدایت
امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی طرف سے جاری کی جانے والی ایڈوائزری میں کہا گیا کہ بحرین، مصر، ایران، عراق، اسرائیل بشمول مغربی کنارا اور غزہ، اردن، کویت، لبنان، عمان، قطر، سعودی عرب، شام، متحدہ عرب امارات اور یمن میں موجود امریکی حفاظتی مسائل کی وجہ سے فوری طور پر نکل جائیں۔
پاسداران انقلاب کا نیتن یاہو کے دفتر پر حملہ، اسرائیل کی حملے کی تصدیق
پاسداران انقلاب گارڈز نے نیتن یاہو کے دفتر پر حملے کا دعویٰ کیا، جس کی تصدیق کرتے ہوئے اسرائیل نے کہا کہ اس حملے میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔
ادھر اسرائیلی اخبار ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق پاسداران انقلاب نے میزائلوں سے اسرائیلی فضائیہ کے ہیڈکوارٹر کو نشانہ بنانے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔
فارس نیوز ایجنسی کے مطابق ایران نے دونوں حملوں میں خیبر میزائل استعمال کیے اور کہا کہ صیہونی رجیم کے جرائم پیشہ وزیراعظم کے دفتر کو نشانہ بنایا گیا ہے جبکہ اعلامیے میں پاسداران انقلاب نے مزید کہا کہ نیتن یاہو کی موجودہ حالت یا انجام کے بارے میں ابھی معلومات نہیں۔
حزب اللہ کا اسرائیلی ائیر بیس پر ڈرونز سے حملہ
لبنانی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے شمالی اسرائیل میں واقع رامات ڈیوڈ ایئر بیس پر حملے کا دعویٰ کیا ہے۔
تنظیم کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آج علی الصبح ڈرونزکے ذریعے ائیر بیس کو نشانہ بنایا گیا جہاں ریڈار سسٹمز اور کنٹرول رومز کو ٹارگٹ کیا گیا ہے۔
حزب اللہ کے مطابق یہ کارروائی لبنان پر جاری اسرائیلی حملوں کے جواب میں کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ ایران نے مشرق وسطیٰ میں امریکاکے6 فوجی اڈوں پر میزائلوں سے حملہ کیا، ایران نے بحرین، عراق، متحدہ عرب امارات اور کویت میں امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا۔
قطر کی حدود میں داخل ہونے والے ایران کے 98 بیلسٹک میزائل اور 24 ڈرون تباہ کردیے، وزارت دفاع قطر
قطری وزارت دفاع نے کہا ہے کہ قطر کی حدود میں اب تک ایران کے 101 بیلسٹک، 3 کروز میزائل، 39 ڈرون طیارے داخل ہوئے، قطری دفاعی نظام نے 3 کروز، 98 بیلسٹک میزائل اور 24 ڈرون فضا میں تباہ کردیے۔
ایران کا مشرق وسطیٰ میں امریکاکے 6 فوجی اڈوں پر میزائلوں سے حملہ
ایران نے مشرق وسطی میں امریکاکے6 فوجی اڈوں پرمیزائلوں سےحملہ کردیا۔
ایران نےبحرین، عراق، امارات اور کویت میں امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا۔ ایران نے اسرائیل کے مختلف شہروں پر بھی میزائلوں سے حملہ کیا۔
ریاض میں امریکی سفارتخانے سے ڈرون ٹکرانے کے بعد آگ لگ گئی
خبر ایجنسی کے مطابق ریاض میں امریکی سفارتخانے نے بھی حملے کی تصدیق کردی ہے اور امریکی سفارتخانے کو عارضی طور پر بند کر دیاگیا ہے۔
سعودی وزارت دفاع کے مطابق واقعے میں عمارت کو جزوی نقصان پہنچا، عمارت خالی ہونے کے سبب کو ئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
رپورٹ کے مطابق امریکی سفارت خانے پر دو ڈرون ٹکرانے کے بعد ڈپلومیٹک کوارٹر میں دو دھماکے بھی سنے گئے۔
ادھر امریکی صدر نے ٹرمپ نے کہا کہ ریاض میں امریکی سفارت خانے پر حملے کا ردعمل جلد دکھائی دے گا، ردعمل میں امریکی فوجیوں کی ہلاکت کا بھی بدلہ شامل ہوگا۔
اردن کے فضائی دفاعی نظام کی جانب سے ایرانی میزائل روکنے کی کوشش ناکام
اردن کے فضائی دفاعی نظام کی جانب سے ایرانی میزائل روکنے کی کوشش ناکام ہوگئی۔ روسی میڈیا کے مطابق اردن کا میزائل اپنے ہی فوجی اڈے سے جا ٹکرایا اور علاقہ اندھیرے میں ڈوب گیا۔
ہم نے لمبی جنگ کی تیاری کر رکھی ہے، اپنی 6 ہزار سالہ تہذیب کا دفاع کریں گے، علی لاریجانی
سیکرٹری جنرل ایرانی نیشنل سکیورٹی کونسل علی لاریجانی نے کہاکہ ایران نے لمبی جنگ کی تیاری کر رکھی ہے، اپنی 6 ہزار سالہ تہذیب کا دفاع کریں گے۔
انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ قیمت کچھ بھی ہو، دشمن کو اندازے لگانےکی غلطی پر پچھتانا ہوگا۔
خامنہ ای کا قتل مذہبی جرم ہے، اسکے سنگین نتائج ہوں گے: وزیرخارجہ ایران
اپنے بیان میں عباس عراقچی نے کہا کہ ایران کی علاقائی ممالک کے ساتھ کوئی جنگ نہیں، ایران پر حملے سے متعلق علاقائی ممالک کو امریکا پر دباؤ ڈالنا چاہیے۔
وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ امریکا نے مذاکرات کے بیچ ایران پر حملہ کرکے سفارت کاری کو دھوکا دیا ہے۔
ایران کا خیبر شکن میزائل سے نیتن یاہو کے دفتر پر سرپرائز حملہ
ایران نے اسرائیلی وزیراعظم کےدفتراور اسرائیلی فضائیہ کے ہیڈ کوارٹر پر حملہ کردیا۔
ایرانی میڈیاکےمطابق دونوں حملوں میں خیبر میزائل استعمال کیے گئے۔ تل ابیب، حیفا اور مشرقی بیت المقدس پر بھی حملے کیے گئے۔
اسرائیلی فوج کا ایک بار پھر ایران پر فضائی حملہ، تہران زور دار دھماکوں سے گونج اٹھا
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے ایران کے دارالحکومت تہران میں نشریاتی ادارے کی عمارت سمیت مختلف مقامات کو نشانہ بنایا۔ اسرائیلی حملوں کے بعد تہران میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔
ایرانی میڈیا نے بھی تصدیق کی کہ تہران میں سرکاری نشریاتی ہیڈکوارٹرزکےقریب دو دھماکے سنے گئے۔
ایران پر سخت ترین حملےہونا ابھی باقی ہیں: امریکی وزیر خارجہ کا انتباہ
امریکی وزیرخارجہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ایران میں رجیم چینج موجودہ امریکی فوجی آپریشن کا باضابطہ ہدف نہیں۔
روبیو کا کہنا تھا کہ اگر ایرانی عوام خود موجودہ حکومت کا تختہ الٹ دیں تو امریکا اسے خوش آئند سمجھے گا تاہم یہ موجودہ کارروائی کے مقاصد میں شامل نہیں۔
ایران کیساتھ جنگ میں 6 امریکی فوجی مارےگئے، امریکی فوج
امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے تصدیق کی ہے کہ ایران کے ساتھ جنگ میں اب تک مجموعی طور پر 6 امریکی فوجی مارے جا چکے ہیں۔
CENTCOM Update
TAMPA, Fla. – As of 4 pm ET, March 2, six U.S. service members have been killed in action. U.S. forces recently recovered the remains of two previously unaccounted for service members from a facility that was struck during Iran’s initial attacks in the region.…
— U.S. Central Command (@CENTCOM) March 2, 2026
سینٹکام کے مطابق ایران کے ابتدائی حملوں میں ہلاک مزید دو فوجیوں کی لاشیں نکال لی گئیں۔
ایران نے سعودی عرب کی تیل تنصیبات پر حملہ نہیں کیا، نائب وزیرخارجہ ایران
ایرانی نائب وزیرخارجہ ماجد تخت روانچی نے امریکا اور اسرائیل کے حملوں کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا۔
امریکا اور اسرائیلی حملوں پر ایرانی نائب وزیرخارجہ نے ردعمل دیتے ہوئے سوال کیاکہ امریکا اور اسرائیل ان حملوں کا کیا جواز پیش کرسکتےہیں؟
ایرانی نائب وزیرخارجہ ماجد تخت روانچی نے گفتگو کے دوران واضح کیا کہ ایران نے سعودی عرب کی تیل تنصیبات پرحملہ نہیں کیا۔
خطے کی کشیدہ صورت حال: اردن میں امریکی سفارتخانہ خالی کرا لیاگیا
خطے میں کشیدہ صورت حال کے پیش نظر اردن میں امریکی سفارتخانہ خالی کرا لیا گیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق امریکی ایمبیسی کے لاؤڈ اسپیکر سے اعلان کیا گیاکہ عملہ محفوظ مقام کیجانب رخ کرے۔
آبنائے ہُرمز مکمل بند ہے، کسی جہاز نےگزرنےکی کوشش کی تو راکھ کردیں گے، پاسداران انقلاب
ہرمز کے قریب 11 ایرانی جہاز تباہ کرنے کے امریکی دعوےکے بعد پاسداران انقلاب نے وارننگ جاری کردی۔
پاسداران انقلاب نے واضح کیا کہ آبنائے ہرمز مکمل بند ہے۔ کسی بھی جہاز نے گزرنے کی کوشش کی تو راکھ کردیں گے
امریکاکا خلیج عمان میں موجود تمام ایرانی جہاز تباہ کرنےکا دعویٰ
امریکی سینٹرل کمانڈ نے خلیج عمان میں موجود تمام ایرانی جہاز تباہ کرنے کا دعویٰ کردیا۔
Two days ago, the Iranian regime had 11 ships in the Gulf of Oman, today they have ZERO. The Iranian regime has harassed and attacked international shipping in the Gulf of Oman for decades. Those days are over. Freedom of maritime navigation has underpinned American and global… pic.twitter.com/nzdkMVMqZC
— U.S. Central Command (@CENTCOM) March 2, 2026
سینٹ کام کے مطابق دو دن پہلے خلیج عمان میں ایرانی نیوی جہاز وں کی تعداد 11 تھی تاہم اب یہ تعداد صفر رہ گئی ہے۔
ایران کی علاقائی ممالک کےساتھ کوئی جنگ نہیں، ایرانی وزیرخارجہ
ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی نےکہا ہے کہ سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کاقتل مذہبی جرم ہے جس کے سنگین نتائج ہوں گے۔
ایک بیان میں عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ ایران کی علاقائی ممالک کےساتھ کوئی جنگ نہیں، ایران پرحملے سے متعلق علاقائی ممالک کو امریکا پر دباؤ ڈالنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا نے مذاکرات کے دوران ایران پر حملہ کرکے سفارت کاری کو دھوکا دیا۔
ٹرمپ کوایران معاملے پرکشیدگی کم کرنے میں مدد دیں، متحدہ عرب امارات اور قطر کا اتحادیوں سے مطالبہ
امریکی خبر رساں ادارے بلوم برگ نے دعویٰ کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات اور قطر اتحادیوں سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ وہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایران کے معاملے پر کشیدگی کم کرنے کا راستہ اختیار کرنے میں مدد دیں۔
رپورٹ کے مطابق یو اے ای اور قطر ایک وسیع اتحاد بنانے کی کوشش میں ہیں تاکہ تنازع کا فوری اور سفارتی حل نکالا جاسکے اور خطے میں کشیدگی کے پھیلاؤ اور توانائی کی قیمتوں میں طویل مدتی اضافے کو روکا جاسکے۔
ایران امریکا کے برعکس طویل جنگ کے لیے تیار ہے، علی لاریجانی
ایرانی قومی سلامتی کونسل کے سربراہ علی لاریجانی نے کہا ہےکہ یہ جنگ ایران نے شروع نہیں کی لیکن ایران امریکا کے برعکس طویل جنگ کے لیے تیار ہے۔
ایکس پر جاری بیان میں علی لاریجانی نےکہا کہ گزشتہ 300 سالوں کی طرح ایران نے یہ جنگ شروع نہیں کی، ہماری بہادر مسلح افواج نے ایک بھی جارحانہ کارروائی نہیں کی، صرف دفاع کیا ہے۔
ایرانی قومی سلامتی کونسل کے سربراہ کا کہنا تھا کہ یہ وعدہ ہےکہ ایران اپنی 6 ہزار سالہ تہذیب کا بھرپور دفاع کرےگا، چاہے اس کی کوئی بھی قیمت کیوں نہ ہو، دشمن اپنے غلط اندازوں پر پچھتائےگا۔
ایران کو ہمارے لوگوں پر جارحانہ حملےکی قیمت چکانی پڑے گی: قطر
قطر کا کہنا ہے کہ ایران کو ہمارے لوگوں پر اس جارحانہ حملےکی قیمت چکانی پڑےگی، اس طرح کے حملے کو جوابی کارروائی کے بغیر نہیں چھوڑا جاسکتا۔
ترجمان قطری وزارت خارجہ ماجدالانصاری نے امریکی میڈیا سےگفتگو میں کہا کہ ایران کے ناکام حملوں میں دوحہ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سمیت شہری انفرااسٹرکچر کو نشانہ بنایا گیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ قطری لڑاکا طیاروں نے حملہ آور ڈرون اور پروجیکٹائل مار گرائے۔ قطر کی سمندری اور سمندری توانائی کی سہولیات کا دفاع کیا گیا ہے اور کارکن محفوظ ہیں، اس وقت ایرانی حکومت کےساتھ رابطے میں نہیں ہیں۔
قطری وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ آخر میں معاملہ مذاکرات کی میز پر ہی حل ہوگا۔
امریکاکی اپنے شہریوں کو مشرق وسطیٰ کے 14 ممالک سے فوری نکلنےکی ہدایت
امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی طرف سے جاری کی جانے والی ایڈوائزری میں کہا گیا کہ بحرین، مصر، ایران، عراق، اسرائیل بشمول مغربی کنارا اور غزہ، اردن، کویت، لبنان، عمان، قطر، سعودی عرب، شام، متحدہ عرب امارات اور یمن میں موجود امریکی حفاظتی مسائل کی وجہ سے فوری طور پر نکل جائیں۔
حزب اللہ کا اسرائیلی ائیر بیس پر ڈرونز سے حملہ
لبنانی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے شمالی اسرائیل میں واقع رامات ڈیوڈ ایئر بیس پر حملے کا دعویٰ کیا ہے۔
تنظیم کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آج علی الصبح ڈرونزکے ذریعے ائیر بیس کو نشانہ بنایا گیا جہاں ریڈار سسٹمز اور کنٹرول رومز کو ٹارگٹ کیا گیا ہے۔
حزب اللہ کے مطابق یہ کارروائی لبنان پر جاری اسرائیلی حملوں کے جواب میں کی گئی ہے۔
ایران کے 131 شہروں پر حملے، 500 سے زائد شہری شہید، جوہری تنصیبات بھی نشانہ بنیں، ایران کا مذاکرات سے انکار
امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے 131 شہروں پر حملے کئے گئے ہیں، جن میں 500 سے زائد ایرانی شہری شہید ہوئے ہیں۔ حملوں میں ایران کی جوہری تنصیبات بھی نشانہ بنی ہیں۔
دوسری جانب ایران کی طاقتور عسکری فورس اسلامک پاسداران انقلاب گارڈز (آئی آر جی سی) نے ایک چونکا دینے والا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے دفتر کو میزائل حملے میں نشانہ بنایا گیا ہے۔
آئی آر جی سی کے سرکاری پلیٹ فارم ’’سپاہ نیوز‘‘ پر جاری بیان میں کہا گیا کہ کارروائی میں مقامی سطح پر تیار کردہ ’’خیبر شکن‘‘ بیلسٹک میزائل استعمال کیے گئے۔
دعوے کے مطابق حملے میں نہ صرف وزیراعظم آفس بلکہ اسرائیلی فضائیہ کے کمانڈ طوماربار کی رہائش گاہ کو بھی ہدف بنایا گیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ ’’سرپرائز اسٹرائیک‘‘ غیر متوقع انداز میں کی گئی، جبکہ نیتن یاہو کی حالت یا ممکنہ نقصانات سے متعلق تفصیلات فوری طور پر جاری نہیں کی گئیں۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ مزید معلومات بعد میں فراہم کی جائیں گی۔
ایران پر کیے گئے حملوں میں امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایرانی جوہری تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے، جبکہ ایران نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مذاکرات کی پیشکش کو مسترد کرتے ہوئے کسی قسم کے مذاکرات کرنے سے انکار کردیا ہے۔
عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایران کے سفیر نے عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی میں الزام عائد کیا ہے کہ امریکا اور اسرائیل نے ایرانی جوہری تنصیبات پر حملے کیے، جس کے بعد صورتحال پر غور کے لیے ہنگامی اجلاس طلب کر لیا گیا۔
ایرانی سفیر نے آئی اے ای اے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز نطنز نیو کلیئر سائٹ سمیت دیگر جوہری مقامات کو نشانہ بنایا گیا ہے، جبکہ وسطی و مغربی ایران کے شہر خرم آباد پر بھی حملہ کیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق حملوں سے ایران کے 131 شہر متاثر ہوئے جبکہ اب تک 550 سے زائد ایرانی شہری جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں۔ ایرانی صوبہ فارس میں حملوں کے نتیجے میں 35 افراد کی ہلاکت کی بھی خبر ہے۔
ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری علی لاریجانی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر کی خوش فہمی نے پورے خطے کو غیر ضروری جنگ میں دھکیل دیا۔
انہوں نے الزام لگایا کہ ٹرمپ امریکی افواج کے جانی نقصان پر فکرمند ہیں اور امریکی وسائل اسرائیلی قیادت کے مفاد میں استعمال ہو رہے ہیں۔
امریکی اور اسرائیلی حملے میں ایک چینی شہری بھی مارا گیا
ادھر چینی وزارت خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ ایران میں امریکی اور اسرائیلی حملوں کے دوران ایک چینی شہری بھی ہلاک ہوا ہے۔
عالمی برادری کی نظریں اب آئی اے ای اے کے اجلاس پر مرکوز ہیں جہاں جوہری سلامتی اور خطے کی بگڑتی صورتحال پر آئندہ کے اقدامات پر غور کیا جا رہا ہے۔
ایرانی فوج کا حملوں میں 560 امریکی فوجیوں کی ہلاکت کا دعویٰ
ایرانی فوج کا کہنا ہے کہ کویت اوربحرین میں امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا۔ اب تک مارے گئے امریکی فوجیوں کی تعداد 560 ہوگئی ہے۔
ایرانی فوج نے دعویٰ کیاکہ امریکا کے طیارہ بردار جہاز ابراہام لنکن کو 4 میزائلوں سے ہدف بنایا گیا۔
اس کے علاوہ روسی میڈیا نے بھی دعویٰ کیا کہ بحرین میں امریکی فوجی اڈے پر حملے میں 560 امریکی فوجی مارے گئے۔
ٹرمپ کی پیشکش مسترد، ایران کا امریکا کے ساتھ مذاکرات سے صاف انکار

ایرانی قومی سلامتی کونسل کے سربراہ علی لاریجانی نے سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر جاری کیے گئے بیان میں اعلان کیا ہے کہ ایران امریکا کےساتھ مذاکرات نہیں کرےگا۔
ایک اور بیان میں علی لاریجانی کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ٹرمپ کےخود ساختہ خیالات نے مشرق وسطیٰ کو افراتفری میں دھکیل دیا۔
امریکی صدر ٹرمپ ایران کی نئی قیادت سے مذاکرات کیلئے آمادہ

وائٹ ہاؤس کے ایک عہدیدار کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کے بعد ایران کی نئی قیادت سے بات چیت کے لیے آمادہ ہیں۔
امریکی جریدے کو انٹرویو میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ نئے ایرانی رہنما سے بات کرنے پر راضی ہیں ، ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایران کے نئے رہنما بھی ان سے بات چیت کرنا چاہتے ہیں۔
اس کے ساتھ ہی وائٹ ہاؤس کے عہدیدار نے کہا کہ فی الحال امریکی فوجی کارروائی جاری رہے گی۔
ایران کا بحرین میں امریکی اہداف پر تازہ حملہ، ایک ایشیائی شہری ہلاک

ایران نے بحرین میں امریکی اہداف پر تازہ حملہ کیا ہے جس میں ایک ایشیائی شہری ہلاک ہوگیا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق منامہ میں امریکی بحریہ کے ففتھ فلیٹ کے ہیڈکوارٹر پر آگ کی اطلاعات ہیں، آگ کے بعد دھوئیں کے سیاہ بادل میلوں دور تک دکھائی دیے۔
بحرینی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ایرانی میزائل حملے میں ایک ایشیائی شہری ہلاک ہوا ہے۔
ایرانیوں کو غلام بنانے کا خواب قبروں میں جائے گا، ایرانی آرمی چیف

ایرانی آرمی چیف جنرل امیر حاتمی نے دشمن کو واضح کیا ہے کہ ایرانیوں کو غلام بنانے کا خواب قبروں میں جائے گا۔
جنرل حاتمی نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران کے بیٹے دفاع وطن سے پیچھے نہیں ہٹے، طاقت سے جواب دیتے رہیں گے، پہلے سے طےاور مشق شدہ منصوبے کے تحت حکمت عملی اپنائے ہوئے ہیں۔
ایرانی آرمی چیف جنرل امیر حاتمی نے کہا کہ ڈرون،فضائی دفاع اور نیوی بھرپور کوارڈینیشن سے کام کررہی ہے۔
ایران کی 48 اہم شخصیات کو مار دیا، ایرانی ملٹری کمان مکمل ختم ہوگئی: ٹرمپ کا دعویٰ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ویڈیو خطاب میں کہا کہ پاسداران انقلاب کی تنصیبات، ایرانی فضائی دفاعی نظام کونشانہ بنایا، 9 بحری جہاز اور ایرانی بحریہ کی عمارت کو بھی نشانہ بنایا۔
امریکی صدر نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا نے ایران کی 48 اہم شخصیات کو ماردیا، ایران کی ملٹری کمان مکمل ختم ہوگئی، بہت سے لوگ ہتھیار ڈالنا چاہتے ہیں۔
ٹرمپ نے کہا کہ پاسدارانِ انقلاب، ایرانی فوج اور پولیس ہتھیارڈال دیں تو استثنا مل سکتا ہے، ہتھیار نہ ڈالے تو موت کا سامنا کریں۔
امریکی صدر نے کہا کہ اہداف کے حصول تک فوجی آپریشن جاری رہے گا، مزید امریکیوں کی ہلاکتوں کا امکان ہے، امریکیوں کی ہلاکتوں کا بدلہ لیں گے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا ایرانی شہریوں کے ساتھ ہے، ایرانی عوام اس موقع سے فائدہ اٹھائیں اور اپنا ملک واپس لیں۔
ایران پر اسرائیلی اور امریکی جارحیت کے بعد تیل کی عالمی قیمتوں میں اضافہ

ایران پر اسرائیلی اور امریکی حملوں کے بعد تیل کی عالمی قیمتوں میں 10 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اور تیل کی عالمی قیمت 80 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہے۔
ماہرین کا اندازہ ہے کہ بحران جاری رہا تو تیل کی عالمی قیمت 100 ڈالر فی بیرل تک پہنچ سکتی ہے۔ اس سال تیل کی عالمی قیمت پہلے ہی بڑھتے ہوئے 73 ڈالر فی بیرل تک جا پہنچی تھی۔
ایران کا ابوظبی میں اسرائیلی رہائشیوں کی عمارت پر حملہ، 2 اسرائیلی زخمی
اسرائیلی میڈیا کے مطابق ابوظبی میں ساحل کے قریب اسرائیلی رہائشیوں کی عمارت پر ایران نے حملہ کیا۔ اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایرانی حملے میں 2 اسرائیلی زخمی ہوئے ہیں۔
مقبوضہ بیت المقدس میں ایرانی حملوں میں 5 افراد زخمی
ایران نے اسرائیلی دار الحکومت تل ابیب، مقبوضہ مغربی کنارے اور مقبوضہ بیت المقدس پر میزائل فائر کیے۔ تاہم اسرائیل نے حملوں کو ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
ایرانی حملے میں مقبوضہ بیت المقدس میں 5 افرادزخمی ہوئے، ایک عمارت میں آگ لگ گئی ، ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
امریکی اور اسرائیلی حملوں میں ایرانی فوج کے 7 کمانڈر شہید ہوئے: ایرانی خبر ایجنسی
ایرانی خبررساں ایجنسی کے مطابق امریکی اور اسرائیلی فضائی حملوں میں ایران کے 7 فوجی کمانڈر مارے گئے۔
خبررساں ایجنسی کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ شہید ہونے والوں میں بسیج کے میجر جنرل شہید محمد شیرازی بھی شامل ہیں، جو مسلح افواج کے سپریم کمانڈر کے دفتر کے سربراہ تھے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ ریڈر جنرل شہید صالح اسدی، جو جنرل اسٹاف آف آرمڈ فورسز میں انٹیلی جنس کے نائب سربراہ تھے، وہ بھی ان حملوں میں شہید ہوئے۔
تہران میں پھر دھماکے ، امریکا کا پاسداران انقلاب کے ہیڈ کوارٹرکو تباہ کرنے کا دعویٰ

ایرانی دارالحکومت تہران میں رات کو پھر دھماکے سنے گئے جس کے بعد تہران کے عوام گھروں سے باہر نکل آئے اور انھوں نے اللہ اکبر کے نعرے لگائے۔
امریکی سینٹرل کمانڈ کی جانب سے ایکس پر بیان جاری کی گیا جس میں کہاگیا کہ ایران میں 1000 سےزائد اہداف کو نشانہ بنایا ، ایران میں بڑے پیمانے پر فضائی حملے جاری ہیں۔
The Iranian Islamic Revolutionary Guard Corps (IRGC) killed more than 1,000 Americans over the past 47 years. Yesterday, a large-scale U.S. strike cut off the head of the snake. America has the most powerful military on earth, and the IRGC no longer has a headquarters. pic.twitter.com/WdpN7JBECr
— U.S. Central Command (@CENTCOM) March 1, 2026
امریکی سینٹرل کمانڈ کا کہنا ہے کہ جن اہداف کونشانہ بنایا ان میں پاسداران انقلاب کا ہیڈکوارٹر شامل ہے۔ آئی آر جی سی ایرو اسپیس فورسز کے ہیڈکوارٹر کو بھی نشانہ بنایا۔
امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق ایرانی بیلسٹک میزائل سائٹس، ایرانی بحریہ کے جہازوں پر بھی حملہ کیا۔
تہران پر بمباری سے ہماری جنگی صلاحیت پر کوئی اثر نہیں پڑتا، ایرانی وزیر خارجہ

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہےکہ دارالحکومت تہران پر بمباری سے ہماری جنگی صلاحیت پر کوئی اثر نہیں پڑتا۔
ایکس پر جاری بیان میں عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے مشرق اور مغرب میں امریکی فوج کی گزشتہ دو دہائیوں کی ناکامیوں کا جائزہ لینے کا موقع ملا ہے اور ہم نے ان سے حاصل ہونے والے اسباق کو اپنی حکمت عملی میں شامل کرلیا ہے۔
عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ ہمارے دارالحکومت پر بمباری سے ہماری جنگی صلاحیت پر کوئی اثر نہیں پڑتا۔
ان کا کہنا تھا کہ غیر مرکزی “موزائیک دفاع” کی حکمت عملی ہمیں یہ طے کرنے کی صلاحیت دیتی ہے کہ جنگ کب اور کس انداز میں اختتام پذیر ہوگی۔
خیال رہےکہ غیر مرکزی “موزائیک دفاع” سے مراد ایسا دفاعی نظام ہے جو معیار (مہنگے ہتھیاروں) کے بجائے مقدار لیکن اسمارٹ ہتھیاروں (بہت سارے چھوٹے سستے ہتھیاروں) پر مبنی دفاعی دیوار ہے جسے توڑنا دشمن کے لیے ناممکن حد تک مشکل ہوتا ہے۔
اس میں طاقت بکھری ہوئی ہوتی ہے ، اگر دشمن چند یونٹس کو تباہ بھی کر دے تو باقی یونٹس خود مختار طریقے سے لڑتے رہتے ہیں۔
ایران نےکشیدگی میں کمی کی کوششوں پر آمادگی ظاہرکردی، عمان کا دعویٰ

عمان نے دعویٰ کیا ہےکہ ایران نےکشیدگی میں کمی کی کوششوں پر آمادگی ظاہر کردی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق عمانی وزارت خارجہ نے دعویٰ کیا ہےکہ ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی نے عمانی وزیرخارجہ سے ٹیلیفونک رابطے میں کہا کہ وہ کشیدگی میں کمی کی سنجیدہ کوششوں کے لیے تیار ہیں۔
خیال رہےکہ یہ پیشرفت ایسے وقت سامنے آئی ہے جب امریکا کی جانب سے ایران پر حملوں کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے جبکہ ایران کی جانب سے بھی جوابی حملےکیے جارہے ہیں۔
متحدہ عرب امارات کا تہران میں اپنا سفارتخانہ بند اور سفیر واپس بلانے کا اعلان
متحدہ عرب امارات نے اعلان کیا ہے کہ ایران کے دارالحکومت تہران میں اپنا سفارت خانہ بند کر دیااور اپنے سفیر کو واپس بلا لیا ہے۔
اماراتی وزارت خارجہ کی جانب سے یہ فیصلہ خلیجی ملک پر ایرانی حملوں کے بعد کیا گیا ہے۔
ایران کے شہر مہران میں سرحدی فورسز کے ہیڈکوارٹر پرحملہ، 43ایرانی سکیورٹی اہلکارشہید
ایران کے مغربی شہر مہران میں سرحدی فورسز کے ہیڈکوارٹر پر بھی امریکی اور اسرائیلی فورسز نے حملہ کیا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق حملے میں سرحدی گارڈز سمیت 43 ایرانی سکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے جبکہ حملے سے عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔
امریکا کے اڈے آپ کے بجائے امریکی سرزمین شمار ہوں گے، علی لاریجانی کا خطے کے ممالک کیلئے پیغام

ایرانی قومی سلامتی کونسل کے سربراہ علی لاریجانی نے خطےکے ممالک کے لیے عربی زبان میں پیغام جاری کیا ہے۔
ایکس پر جاری پیغام میں علی لاریجانی کا کہنا تھا کہ خطے کے ممالک سے ہم یہ کہنا چاہتے ہیں کہ ہمارا آپ پر حملہ کرنے کا کوئی ارادہ نہیں۔
علی لاریجانی کا کہنا تھا کہ اگر آپ کے ملک میں قائم فوجی اڈوں کو ہمارے خلاف استعمال کیا جائےگا اور امریکا ان اڈوں سے خطے میں کارروائیاں کرے گا تو ہم ان اڈوں کو نشانہ بنائیں گے۔
علی لاریجانی کا کہنا تھا کہ وہ اڈے آپ کی سرزمین نہیں بلکہ عملاً امریکی سرزمین شمار ہوں گے۔
ایران کے حملوں میں 3 غیرملکی ہلاک اور 58 زخمی ہوئے، اماراتی وزارت دفاع

اماراتی وزارت دفاع کے مطابق ایران کےڈرون حملوں میں 3 غیرملکی ہلاک اور 58 زخمی ہوئے جبکہ ایرانی ڈرون حملوں میں پاکستانی، نیپالی اور بنگلادیشی شہری جاں بحق ہوا۔
اماراتی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں ایک پاکستانی سمیت دیگر ممالک کے شہری شامل ہیں۔
اماراتی وزارت دفاع کے مطابق ایران نے 165 بیلسٹک میزائل داغے، 152 تباہ کردیے، 13 سمندر میں گرے، ایران کی جانب سے داغے گئے 2 کروز میزائل فضا میں مار گرائے گئے، 541 ایرانی ڈرونز میں سے 506 ڈرون کو تباہ کر دیا گیا۔
ابوظبی میں ایران کے حملے میں جاں بحق پاکستانی شہری کی شناخت ظاہرکردی گئی
متحدہ عرب امارات میں گزشتہ روز ایران کے حملے میں جاں بحق ہونے والے پاکستانی کی شناخت ظاہر کردی گئی۔
پاکستانی سفارتی حکام کے مطابق مرید زمان ولد نظرعلی ابوظبی میں خدمات انجام دیتے تھے اور گزشتہ روز جاں بحق ہوئے۔
ان کا کہنا تھاکہ ابوظبی پر حملے میں جاں بحق شہری کا خیبیر پختونخوا کے شہر بنوں سے تعلق تھا۔
ایرانی نیوی کا ہیڈکوارٹر تباہ کردیا، ڈونلڈ ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہےکہ امریکی حملوں میں ایرانی نیوی کا ہیڈکوارٹر تباہ کردیا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکی فوج ایران کی بحریہ کو تباہ کر رہی ہے اور اب تک ایرانی بحریہ کے 9 جنگی جہاز تباہ کیے جا چکے ہیں جبکہ باقی کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
ٹرمپ نے ایران کی بحریہ کو مکمل طور پر تباہ کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ باقی ماندہ ایرانی جنگی جہاز بھی جلد سمندر کی تہہ میں ہوں گے۔
ٹرمپ کی جانب سے یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکا کی جانب سے ایران کی فوجی تنصیبات پر بمباری میں شدت آگئی ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق امریکا نے اپنے بی ٹو اسٹیلتھ بمبار طیارے براہ راست امریکا سے روانہ کیے جنہوں نے ایران کے زیر زمین اور مضبوط میزائل ٹھکانوں پر 2 ہزار پاؤنڈ وزنی بموں سے حملےکیے۔
دوسری جانب ایران کی فوج نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے سیکڑوں میزائل اور ڈرون حملے کیے ہیں۔
امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ نے اتوارکو ایرانی حملوں میں ہلاک ہونے والے تین امریکی فوجیوں کی ہلاکت اور پانچ اہلکاروں کے شدید زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔
ایرانی حملے کا نشانہ بننے والی دبئی کی جبل علی بندرگاہ کی سیٹلائٹ تصویر سامنے آگئی

متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں واقع جبل علی بندرگاہ پر ایرانی حملوں کے بعد کی سیٹلائٹ تصویر سامنے آگئی۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی جانب سے جاری کی جانے والی سیٹلائٹ تصویر میں دو مقامات پر آگ بھڑکتی اور سیاہ دھوئیں کے گھنے بادل اٹھتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔
سعودی عرب میں ریاض ائیرپورٹ اور پرنس سلطان ائیربیس پر ایران کے میزائل حملے
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق سعودی عرب میں ریاض انٹرنیشنل ائیرپورٹ اور پرنس سلطان ائیربیس پر ایران کی جانب سے میزائل حملے کیے گئے۔
خبررساں ایجنسی کے مطابق فضائی دفاعی نظام نےریاض ائیرپورٹ اورپرنس سلطان ائیربیس کے نزدیک ایرانی میزائل مار گرائے، میزائل گرانے سے کوئی نقصان نہیں ہوا۔
خبررساں ایجنسی کے مطابق پرنس سلطان ائیربیس میں امریکی فوجیوں کی رہائش ہے۔
ابوظبی: ایرانی ڈرون اسرائیلی سفارتخانے کے کمپاؤنڈ میں جاگرا، دو افراد زخمی

اسرائیلی میڈیا کے مطابق ابو ظبی میں ایرانی ڈرون اسرائیلی ایمبیسی کے کمپاؤنڈ پر جا گرا جس کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوگئے۔
اسرائیل کا سابق ایرانی صدر محمود احمدی نژاد کی ہلاکت کا دعویٰ

اسرائیلی میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایران پر ہونے والے اسرائیلی اور امریکی حملے میں ایران کے سابق صدر محمود احمدی نژاد بھی جاں بحق ہوگئے۔
ایران کا امریکی ائیرکرافٹ کیریئر یو ایس ایس ابراہم لنکن پربیلسٹک میزائلوں سے حملہ
ایران نے مشرق وسطیٰ میں موجود امریکی ائیرکرافٹ کیریئر یو ایس ایس ابراہم لنکن پربیلسٹک میزائلوں سے حملہ کردیا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق امریکی بحری بیڑے ابراہم لنکن پر 4 بیلسٹک میزائلوں سے حملہ کیا گیا ہے۔
ایران کا آبنائے ہرمز سے گزرنے والے آئل ٹینکر پر حملہ
ایران کے سرکاری ٹیلی وژن نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے کی کوشش کرنے والا ایک آئل ٹینکر نشانہ بننے کے بعد ڈوب رہا ہے۔
ایرانی سرکاری ٹی وی کے مطابق آبنائے ہرمز سے غیرقانونی طور پر گزرنے کی کوشش کرنے والے آئل ٹینکر کو نشانہ بنایا گیا جس کے بعد وہ اب ڈوب رہا ہے۔
ایران کا ایک بار پھرمقبوضہ بیت المقدس کےنواح میں بیت شمش پرحملہ، 9 اسرائیلی ہلاک
ایرانی میزائلوں نے ایک بار پھرمقبوضہ بیت المقدس کے نواح میں بیت شمش کو نشانہ بنایا۔ عرب میڈیا کے مطابق بیت شمس کےعلاقےمیں اسرائیل کےنیوکلئیرتنصیبات سمیت دیگر حساس تنصیبات ہیں۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایرانی میزائل حملے میں 9 اسرائیلی ہلاک ہوئے جبکہ 23 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔
حزب اللہ کے راکٹ حملوں کے بعد اسرائیلی طیاروں کی لبنان پر شدید بمباری
لبنان کے دارالحکومت بیروت پر اسرائیلی فضائی حملوں کے بعد خطے میں جاری تنازع ایک بڑے علاقائی تصادم کی شکل اختیار کرتا دکھائی دے رہا ہے۔
حزب اللہ کی جانب سے اسرائیل پر راکٹ حملوں کے بعد اسرائیلی طیاروں کی جانب سے لبنان پر شدید بمباری کا سلسلہ جاری ہے، اسرائیلی طیاروں نے بیروت اور جنوبی لبنان میں شدید بمباری کی ہے، جس سے بڑے پیمانے پر تباہی پھیل گئی ہے۔
قبل ازیں گزشتہ رات ایران کے حمایت یافتہ لبنانی گروپ حزب اللہ نے شمالی اسرائیل کے شہر حیفہ کے قریب ایک فوجی اڈے پر راکٹ اور ڈرون حملے کرنے کا دعویٰ کیا تھا، جس کے بعد اسرائیلی طیاروں نے لبنان پر شدید بمباری شروع کردی ہے۔
حزب اللہ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ یہ کارروائی ایرانی سپریم لیڈر خامنہ ای کی ہلاکت کے ردعمل میں اور لبنان اور اس کے عوام کے دفاع میں کی گئی ہے۔ گروپ کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی مسلسل جارحیت اور قیادت کو نشانہ بنانے کے بعد اسے جواب دینے کا حق حاصل ہے۔
اسرائیل کا جوابی وار
اسرائیلی فوج نے فوری طور پر جنوبی بیروت، جنوبی لبنان کے متعدد دیہات اور بقاع وادی میں فضائی حملے کیے۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے بیروت میں حزب اللہ کے سینئر ارکان اور جنوبی لبنان میں ایک اہم شخصیت کو نشانہ بنایا ہے۔
اسرائیل نے جنوبی لبنان اور بقاع وادی کے 50 سے زائد دیہات، بشمول بنت جبیل، کے رہائشیوں کو گھروں سے انخلا کی ہدایت جاری کی اور کم از کم ایک کلومیٹر دور رہنے کا حکم دیا۔
اسرائیلی مؤقف کے مطابق حزب اللہ کا اقدام لبنان کو مزید تباہی کی طرف دھکیل رہا ہے اور کشیدگی کی ذمہ داری اسی پر عائد ہوتی ہے۔
لبنانی حکومت کا ردعمل
لبنانی وزیر اعظم نواف سلام نے حزب اللہ کے حملے کو غیر ذمہ دارانہ اور مشکوک اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ لبنان کی سلامتی کو خطرے میں ڈال رہا ہے اور اسرائیل کو جارحیت جاری رکھنے کا بہانہ فراہم کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کو نئی مہم جوئی میں نہیں گھسیٹا جائے گا اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
پس منظر اور علاقائی تناظر
2024 کی جنگ کے بعد حزب اللہ کو شدید نقصان پہنچا تھا اور اسرائیل نے اس کے کئی فوجی و سیاسی رہنماؤں کو ہلاک کیا تھا۔ نومبر 2024 میں فریقین کے درمیان جنگ بندی ہوئی، تاہم لبنان کا مؤقف ہے کہ اسرائیل نے معاہدے کی بارہا خلاف ورزی کی اور تقریباً روزانہ حملے جاری رکھے۔
لبنان پہلے ہی شدید معاشی اور سیاسی بحران کا شکار ہے، اور موجودہ کشیدگی اس بحران کو مزید گہرا کر سکتی ہے۔
خطے میں امریکا اور اسرائیل ایک جانب جبکہ ایران اور اس کے اتحادی دوسری جانب کھڑے ہیں، جس سے وسیع علاقائی جنگ کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔
ایران پر حملہ نہ کرتے تو دو ہفتوں میں جوہری ہتھیار بنا لیتا، صدر ٹرمپ
امریکی صدر نے فوکس نیوز کو انٹرویو میں ایران کے خلاف جاری فوجی کارروائی سے متعلق بڑے دعوے کیے ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فوکس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایران پر حملہ نہ کیا جاتا تو وہ دو ہفتوں کے اندر جوہری ہتھیار تیار کر لیتا۔
صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ حملوں میں ایران کی 48 اہم شخصیات ماری جاچکی ہیں اور ایرانی قیادت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے 9 ایرانی بحری جہاز تباہ کیے، کچھ ڈوبنے والے جہاز بڑے اور اہم تھے جبکہ باقی جہازوں کو بھی نشانہ بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایک اور حملے میں ایرانی بحری ہیڈکوارٹرز کو نقصان پہنچایا گیا اور امریکی بحریہ ایران کے خلاف بہترین کام کر رہی ہے۔
صدر ٹرمپ کے مطابق ایران میں سینکڑوں اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا جن میں فوجی تنصیبات اور فضائی دفاعی نظام شامل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مقاصد کے حصول تک فوجی کارروائی جاری رہے گی اور ایرانی رجیم کو کسی صورت نیوکلیئر ہتھیار تک رسائی نہیں دی جائے گی۔
امریکی صدر نے کہا کہ جنگ ایک ماہ تک جاری رہ سکتی ہے، تاہم وہ کسی چیز کے بارے میں فکرمند نہیں کیونکہ چیزیں ٹھیک چل رہی ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ سعودی عرب، بحرین، متحدہ عرب امارات، قطر اور اردن کی قیادت سے بات چیت ہوئی ہے، انھوں نے جنگ کے بعد ایران میں جمہوریت کے قیام کا دعویٰ بھی کیا۔
صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ ایران بڑا اور مضبوط ملک ہے لیکن امریکا دنیا کا طاقتور ترین ملک ہے۔



















