امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا کے پاس ہتھیاروں کا تقریباً لامحدود ذخیرہ موجود ہے اور وہ ضرورت پڑنے پر جنگیں ہمیشہ لڑ سکتا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ امریکا مکمل طور پر تیار ہے اور موجودہ اسلحہ کے ساتھ طویل مدت تک کامیابی سے جنگ جاری رکھ سکتا ہے۔
ٹرمپ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران کے خلاف امریکی اور اسرائیلی فضائی حملوں کو چار دن گزر چکے ہیں۔ خطے میں کشیدگی بڑھ رہی ہے اور عالمی برادری صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔
امریکی صدر نے کہا کہ امریکا اپنی فوجی تیاریوں کے باعث کسی بھی طویل مہم کے لیے تیار ہے اور وہ اس معاملے میں پسپائی اختیار نہیں کرے گا۔
انہوں نے ایران کے ساتھ ممکنہ مذاکرات کے حوالے سے بھی سخت مؤقف اپنایا۔ ٹرمپ کے مطابق تہران بات چیت کا خواہاں ہے، تاہم اب اس کے لیے “بہت دیر ہو چکی ہے”۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران کا فضائی دفاع، بحریہ اور عسکری ڈھانچہ شدید نقصان اٹھا چکا ہے، اس لیے اب امریکا اپنی کارروائی جاری رکھے گا۔
وائٹ ہاؤس میں ایک تقریب سے مختصر خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے بتایا کہ ایران کے خلاف جاری مہم ابتدائی اندازوں سے زیادہ تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے۔
ان کے مطابق اس کارروائی کا دورانیہ چار سے پانچ ہفتے ہو سکتا ہے، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ “جتنا بھی وقت لگے، ہم تیار ہیں”۔
یاد رہے کہ ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم کے دوران نئی جنگیں شروع نہ کرنے اور معیشت پر توجہ مرکوز رکھنے کا وعدہ کیا تھا۔
انہوں نے ماضی میں عراق اور افغانستان کی جنگوں پر بھی تنقید کی تھی، تاہم موجودہ صورتحال نے امریکی سیاست میں نئی بحث چھیڑ دی ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب وسط مدتی انتخابات قریب آ رہے ہیں۔




















