شہید سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے بیٹے مجتبیٰ خامنہ ای کو ایران کا نیا سپریم لیڈر منتخب کر لیا گیا ہے۔
عرب میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل اور امریکا کے مشترکہ حملے میں شہید ہونے والے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے بیٹے مجتبیٰ خامنہ ای کو ایران کا نیا سپریم لیڈر منتخب کر لیا گیا ہے۔
تاہم، پاسداران انقلاب نے ایسی کسی بھی خبر کی تردید کی ہے، ایرانی میڈیا نے پاسداران انقلاب کے حوالے سے خبر دی ہے کہ سپریم لیڈر کے انتخاب کے لیے مجلس خبرگان کا اجلاس جاری ہے اور نئے سپریم لیڈر کے انتخاب میں تقریباً ایک ہفتہ لگ سکتا ہے۔
رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ ایران کی مذہبی و سیاسی قیادت کے اندرونی مشاورتی عمل کے بعد سامنے آیا، لیکن سرکاری ذرائع خاموش ہیں جس کے باعث صورتِ حال غیر واضح ہے۔
قبل ازیں ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ آیت اللہ خامنہ ای کے صاحبزادے مجتبیٰ خامنہ ای زندہ ہیں اور صحت مند ہیں۔ وہ ملک کے اہم امور بھی دیکھ رہے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا نے آیت اللہ خامنہ ای کے ساتھ ان کے صاحبزادے کی بھی شہادت کا دعویٰ کیا تھا۔
یاد رہے کہ ہفتے کے روز اسرائیل اور امریکا نے ایران پر مشترکہ حملہ کیا اور متعدد مقامات پر شدید بمباری کی جس دوران آیت اللہ خامنہ ای کے دفتر پر بھی حملہ کیا گیا۔
اسرائیل کی ایران کے نئے سپریم لیڈر پر حملے کی تیاریاں
اسرائیلی وزیر دفاع کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم اور میں نے فوج کو نئے لیڈر پر حملے کی تیاری کا حکم دیا ہے،جو بھی ایران کا نیا سپریم لیڈر ہوگا وہ ہمارا ہدف ہوگا،ایرانی قیادت کا خاتمہ ہمارے آپریشن کا بنیادی مقصد ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل اور امریکا کے مشترکہ حملے میں شہید ہونے والے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے بیٹے مجتبیٰ خامنہ ای کو ایران کا نیا سپریم لیڈر منتخب کر لیا گیا ہے۔
تاہم اس خبر کی تاحال ایرانی سرکاری حلقوں کی جانب سے کوئی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی۔
دوسری جانب آیت اللہ خامنہ ای کو الوداع کہنے کا عمل آج رات سے شروع ہوگا،تین روزہ ماتمی تقریبات تہران کےخمینی مصلیٰ میں منعقد ہونگے،آیت اللہ خامنہ کے جسد خاکی کو سپردخاک کرنے کی تیاریاں بھی جاری ہیں۔
امریکا اور اسرائیل کے ایران پر تازہ حملے، تہران میں شدید دھماکے، ایران کے جوابی وار جاری
امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر تازہ حملوں کے بعد دارالحکومت میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں جبکہ متعدد عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔
عینی شاہدین کے مطابق تہران میں ہر طرف دھوئیں کے بادل چھائے ہوئے ہیں اور امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں سرگرم ہو گئی ہیں۔
اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایران کے میزائل لانچنگ پیڈز اور فضائی دفاعی نظام کو نشانہ بنایا۔ حملوں میں صدارتی دفتر اور سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کی عمارت کو بھی نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔
رپورٹس کے مطابق حملوں کا دائرہ کار صرف دارالحکومت تک محدود نہیں رہا بلکہ اسرائیل اورا مریکا کی جانب سے ہمدان، اصفہان، شیراز، قم یزد اور صوبہ فارس میں بھی شدید بمباری کی گئی ہے۔
ایرانی حکام کے مطابق گزشتہ پانچ روز کے دوران ملک بھر میں شہادتوں کی تعداد 787 ہو گئی ہے جبکہ ہزاروں افراد زخمی بتائے جا رہے ہیں۔ دوسری جانب اسرائیل اور امریکا کی جانب سے جاری کارروائیوں نے خطے میں کشیدگی کو انتہائی حد تک بڑھا دیا ہے۔
ایران کا ایک بار پھر اسرائیل پر حملہ، درجنوں ڈرون اور بیلسٹک میزائل داغ دیے گئے
ایران نے ایک مرتبہ پھر اسرائیل پر بڑے پیمانے پر حملہ کرتے ہوئے درجنوں ڈرونز اور بیلسٹک میزائل داغ دیے ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق ایرانی افواج کی جانب سے حملے مختلف اہداف کو نشانہ بنانے کے لیے کیے گئے، جبکہ اسرائیلی دفاعی نظام کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
اسرائیل کی جنوبی لبنان پر شدید بمباری، شہریوں کو فوری انخلا کا حکم
اسرائیل نے جنوبی لبنان میں شدید بمباری کی جس کے نتیجے میں 6 افراد شہید اور 8 زخمی ہو گئے۔
لبنانی حکام کے مطابق اسرائیلی حملوں میں شہید شہریوں کی مجموعی تعداد 50 تک پہنچ چکی ہے جبکہ 335 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔
اسرائیل نے لبنان میں 16 دیہات اور قصبوں کے رہائشیوں کو فوری انخلاء کا حکم بھی جاری کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق جنوبی علاقوں میں فضائی حملے جاری ہیں اور سرحدی کشیدگی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث ایران، اسرائیل اور لبنان کے درمیان صورتحال انتہائی سنگین رخ اختیار کر چکی ہے جبکہ عالمی برادری کی جانب سے فوری جنگ بندی کی اپیلیں کی جا رہی ہیں۔
برطانیہ کی ریاض پر ایرانی حملوں کی مذمت، سعودی عرب سے اظہار یکجہتی
برطانیہ نے سعودی عرب پر ایرانی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں ناقابلِ قبول قرار دے دیا۔
برطانوی وزیر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ سعودی عرب پر ایرانی حملے ناقابلِ قبول ہیں اور ایسے اقدامات خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔ انہوں نے ریاض میں امریکی سفارتخانے کو نشانہ بنانے کی بھی مذمت کی۔
وزیر خارجہ کے مطابق یہ حملے بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے کے مترادف ہیں اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔
برطانوی حکومت نے واضح کیا کہ وہ سعودی عرب اور خطے کے دیگر شراکت داروں کے ساتھ کھڑی ہے اور کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے گی۔
پاسدارانِ انقلاب کا دبئی میں 160 امریکی فوجیوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ
پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ دبئی میں 160 امریکی فوجیوں کو نشانہ بنایا گیا ہے، مختلف علاقوں میں ڈرون کارروائیوں کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔
ایرانی میڈیا کے مطابق پاسدارانِ انقلاب نے کہا ہے کہ کارروائی مخصوص فوجی اہداف کے خلاف کی گئی۔
ادھر خبر ایجنسیوں کے مطابق بغداد ایئرپورٹ کے قریب ایک ایرانی ڈرون مار گرایا گیا ہے۔ واقعے کے بعد سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ ملک کے فضائی دفاعی نظام نے خرم آباد میں ایک اسرائیلی ڈرون کو تباہ کر دیا ہے۔
خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث دبئی سمیت مختلف شہروں میں سیکیورٹی اقدامات سخت کر دیے گئے ہیں جبکہ عالمی برادری صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔
کینیڈا کے وزیراعظم کا مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے کا مطالبہ
کینیڈا کے وزیراعظم نے مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری طور پر تناؤ کم کرنے پر زور دیا ہے۔
کینیڈین وزیراعظم مارک کارنی نے اپنے بیان میں کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کم ہونی چاہیے اور تمام فریقین کو تحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ تمام ممالک، بشمول اسرائیل اور امریکا عالمی جنگی قواعد اور بین الاقوامی قوانین کی مکمل پابندی کریں۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ خطے میں پُرامن حل تلاش کرنا اور سفارتی راستہ اپنانا ناگزیر ہے تاکہ مزید جانی نقصان اور عدم استحکام سے بچا جا سکے۔
ایرانی پاسدارانِ انقلاب کا امریکی فوج کو بھاری جانی نقصان پہنچانے کا دعویٰ
ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ حالیہ جھڑپوں میں امریکی فوج کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا۔
ترجمان کے مطابق جنگی کارروائیوں کے دوران 680 امریکی فوجی ہلاک یا زخمی ہوئے۔ پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ امریکی فوجی مراکز اور جنگی جہازوں کو میزائلوں اور ڈرون حملوں سے نشانہ بنایا گیا ہے۔
ترجمان نے مزید دعویٰ کیا کہ بحرین میں موجود امریکی نیوی کے پانچویں بیڑے کے ہیڈکوارٹرز کو بھی متعدد بار نشانہ بنایا گیا۔ مذکورہ اڈہ بحرین میں قائم ہے۔
امریکی شہریوں کو یو اے ای کا سفر نہ کرنے کی ہدایت
امریکی محکمہ خارجہ نے اپنے شہریوں کو متحدہ عرب امارات ( یو اے ای) کا سفر کرنے سے روک دیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے یو اے ای کے سفر سے متعلق نئی ہدایات جاری کی ہیں۔
ایران جنگ پر خفیہ بریفنگ میں خدشات کا اظہار
ایران سے جاری کشیدگی پر سینیٹرز کو دی گئی خفیہ بریفنگ میں طویل جنگ کے خدشات سامنے آئے ہیں۔
ایران سے جاری تنازع پر سینیٹرز کو خفیہ بریفنگ دی گئی جس کے بعد متعدد قانون سازوں نے خدشات کا اظہار کیا ہے۔
ریپبلکن سینیٹر جوش ہالوے نے کہا کہ بریفنگ میں جنگ کے خاتمے کی کوئی واضح تاریخ نہیں دی گئی اور وہ ایران میں زمینی فوجی کارروائی کی حمایت نہیں کریں گے۔
ڈیموکریٹ سینیٹر کرس مارفے نے خبردار کیا ہے کہ یہ ایک مسلسل اور اربوں ڈالر والی جنگ کی صورت اختیار کر سکتی ہے۔ سینیٹر ٹم کین کا کہنا تھا کہ بریفنگ کے بعد بھی کوئی واضح اور فوری مقصد سامنے نہیں آیا۔
ریپبلکن سینیٹر ٹومی ٹیوبر ویلے نے اندازہ ظاہر کیا کہ امریکی کارروائی 3 سے 5 ہفتوں تک جاری رہ سکتی ہے۔
معائنے کی اجازت نہ دینے پر ایران کے جوہری ذخائر پر تشویش
ایران کی جانب سے بڑے جوہری ذخائر کے مکمل معائنے کی اجازت نہ دینے پر بین الاقوامی سطح پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
ریاض کے سی آئی اے سینٹر پر ڈرون حملہ
امریکی میڈیا کے مطابق ریاض میں سی آئی اے اسٹیشن پر ڈرون حملے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ تاہم اس حوالے سے سرکاری سطح پر تفصیلی تصدیق جاری نہیں کی گئی۔
قطر میں امریکی اڈے پر میزائل حملہ
قطری وزارتِ دفاع کے مطابق ایران کی جانب سے داغا گیا ایک بیلسٹک میزائل العدید ایئر بیس کے قریب گرا، جو قطر میں واقع ہے اور امریکی فوج کے زیرِ استعمال ہے۔ حکام نے بتایا کہ اس حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
قطری وزارتِ دفاع کے مطابق ایران کی جانب سے مجموعی طور پر دو بیلسٹک میزائل داغے گئے تھے، جن میں سے ایک کو فضا میں تباہ کر دیا گیا۔
یو اے ای کا دفاعی حکمتِ عملی میں تبدیلی نہ کرنے کا اعلان
متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے اعلان کیا ہے کہ وہ موجودہ علاقائی کشیدگی کے باوجود اپنی دفاعی حکمتِ عملی میں کوئی تبدیلی نہیں کرے گا اور دفاعی پوزیشن برقرار رکھے گا۔
حکام کے مطابق یو اے ای اپنی سلامتی کے لیے ضروری اقدامات جاری رکھے گا۔ یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں تناؤ بڑھا ہوا ہے۔
ایران کی جانب سے ایٹم بم بنانے کے واضح شواہد نہیں ملے، بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی
بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل رافایل ماریانو گروسی نے بیان دیا ہے کہ ایران کی جانب سے ایٹم بم بنانے کے واضح شواہد نہیں ملے۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ معائنے اور دستیاب معلومات کے مطابق ایران کے ایٹمی ہتھیار بنانے کا کوئی ٹھوس ثبوت سامنے نہیں آیا۔ ادارہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور معائنہ کار اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔
ابوظبی پر ہزار سے زائد حملوں کا دعویٰ، تمام حملے ناکام بنادیے، وزارتِ خارجہ
متحدہ عرب امارات ( یو اے ای) کی وزارتِ خارجہ نے دعویٰ کیا ہے کہ دارالحکومت ابو ظہبی پر ایک ہزار سے زائد حملے کیے گئے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ تمام حملوں کو ناکام بنا دیا گیا ہے اور کسی بھی حملے سے مطلوبہ ہدف حاصل نہیں ہو سکا۔ وزارتِ خارجہ کے مطابق یہ واقعات خطے میں جاری کشیدگی کا حصہ ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور ملک کی دفاعی و سیکیورٹی حکمتِ عملی مضبوط ہے۔یو اے ای نے زور دیا ہے کہ وہ اپنی سلامتی اور استحکام کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے گا۔
ایران کے نئے سپریم لیڈر کے انتخاب کے لیے مجلسِ خبرگان کا اجلاس جاری
ایرانی میڈیا کے مطابق نئے سپریم لیڈر کے انتخاب کے لیے مجلس خبرگان ( اسمبلی آف ایکسپرٹس ) کا اجلاس جاری ہے۔
رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ اعلیٰ عہدے کے انتخاب کا عمل اہم مرحلے میں داخل ہو چکا ہے، تاہم فیصلے تک پہنچنے میں وقت لگ سکتا ہے۔
پاسدران انقلاب کے ذرائع کے مطابق نئے سپریم لیڈر کے انتخاب میں تقریباً ایک ہفتہ لگ سکتا ہے۔ پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ ادارہ جاتی مشاورت اور آئینی تقاضوں کے تحت عمل مکمل کیا جا رہا ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے اور باضابطہ اعلان کے بعد حتمی معلومات فراہم کی جائیں گی۔
ایران کے نئے سپریم لیڈر کا انتخاب کر لیا گیا، اسرائیلی میڈیا
اسرائیلی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے نئے سپریم لیڈر کا انتخاب کر لیا گیا ہے۔ تاہم ایرانی حکام کی جانب سے اس خبر کی باضابطہ تصدیق تاحال سامنے نہیں آئی۔
رپورٹس کے مطابق شہید سپریم لیڈر علی خامنہ ای کے بڑے بیٹے مجتبیٰ خامنہ ای کو نیا سپریم لیڈر منتخب کیا گیا ہے۔ اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ انتخاب آن لائن اجلاس میں ہوا۔
مزید دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ فیصلہ اسمبلی آف ایکسپرٹس کے اجلاس کے دوران کیا گیا، تاہم ایرانی ذرائع ابلاغ کی جانب سے اس حوالے سے کوئی سرکاری اعلان جاری نہیں کیا گیا۔
ایران کا اسرائیل پر میزائل اور ڈرون حملہ، ’وعدہ صادق 4‘ کی 16ویں لہر کا اعلان
ایران نے ایک بار پھر اسرائل پر پر میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے تازہ حملہ کیا ہے، جس کو ’وعدہ صاق 4‘ کا نام دیا گیا ہے۔
پاسدارانِ انقلاب نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیل کے خلاف آپریشن ’وعدہ صادق 4‘ کی 16ویں لہر شروع کر دی گئی ہے۔
بیان کے مطابق بڑی تعداد میں میزائل اسرائیل کی جانب داغے گئے جبکہ متعدد ڈرونز بھی بھیجے گئے ہیں۔ دوسری جانب ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی بدستور برقرار ہے اور خطے میں سیکیورٹی صورتحال انتہائی حساس ہے۔
دبئی میں امریکی قونصل خانے پر ڈرون حملے سے آگ بھڑک اٹھی
عرب میڈیا کے مطابق دبئی میں قائم امریکی قونصل خانے پر ڈرون حملہ ہوا ہے، جس کے بعد عمارت میں آگ لگ گئی۔
دبئی میڈیا آفس کے مطابق ہنگامی اداروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا۔ بیان میں کہا گیا کہ واقعے میں کوئی جانی نقصان یا زخمی نہیں ہوا۔
حکام نے بتایا کہ متعلقہ اداروں کی بروقت کارروائی سے بڑے نقصان سے بچا گیا اور سیکیورٹی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔

















