ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی اور جنگی صورتحال نے عالمی ایوی ایشن انڈسٹری کو شدید بحران سے دوچار کر دیا ہے، صرف 6 روز کے دوران دنیا بھر کی سیکڑوں ایئرلائنز کی 24 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق پروازوں کی بڑے پیمانے پر منسوخی کے باعث لاکھوں مسافر دنیا کے مختلف ایئرپورٹس پر پھنس گئے ہیں جبکہ ایئرلائنز اور ایئرپورٹس کو لینڈنگ، ٹیک آف چارجز اور دیگر ٹیکسز کی مد میں اربوں روپے کے نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان میں بھی اس صورتحال کے اثرات واضح طور پر دیکھے جا رہے ہیں اور آج بھی علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سمیت مختلف ایئرپورٹس سے 144 پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔
ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے سعودی عرب کے لیے صرف 4 پروازیں روانہ ہو سکیں جبکہ دیگر کئی پروازیں متاثر رہیں۔
ایوی ایشن حکام کے مطابق ایران۔امریکا کشیدگی کے بعد عمرہ زائرین کی تعداد میں بھی نمایاں کمی دیکھنے میں آ رہی ہے جس کے باعث ایئرلائنز کو مزید مالی دباؤ کا سامنا ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر خطے میں کشیدگی برقرار رہی تو عالمی فضائی صنعت کو مزید بڑے معاشی نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔



















