Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

امریکا اور اسرائیل کے شدید فضائی حملے، تہران میں آئل ڈپو تباہ

حملوں کے بعد شہر کے مختلف حصوں میں زور دار دھماکے سنے گئے اور آگ کے بڑے بڑے شعلے دیکھے گئے

امریکا اور اسرائیل نے ایران کے دارالحکومت تہران میں آئل اور فیول ڈپوؤں کو نشانہ بناتے ہوئے شدید فضائی حملے کیے ہیں۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق تازہ ترین فضائی حملوں کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں آگ کے شعلے بھڑک اٹھے اور فضا دھوئیں سے بھر گئی۔

اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ تہران میں کئی فیول اسٹوریج کمپلیکس کو ایک بڑے حملے کے دوران نشانہ بنایا گیا۔ حملوں کے بعد شہر کے مختلف حصوں میں زور دار دھماکے اور آگ کے بڑے بڑے شعلے دیکھے گئے جبکہ شہریوں نے فضا میں جلنے کی بو اور دھوئیں کی شکایت کی۔

دوسری جانب ایران نے بھی جوابی کارروائی کرتے ہوئے قطر، سعودی عرب اور دبئی کی جانب ڈرون اور میزائل داغے۔ دبئی میں ایک عمارت کے قریب فضائی دفاعی کارروائی کے دوران گرنے والے ملبے سے ایک شخص ہلاک جبکہ دو بلند و بالا عمارتوں کو نقصان پہنچا۔

مزید پڑھیں: ایران امریکا جنگ، 24 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ، لاکھوں مسافر رُل گئے

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف جنگ اس وقت تک جاری رہ سکتی ہے جب تک ایرانی فوج اور قیادت باقی نہ رہے۔

ایئر فورس ون میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ممکن ہے ایسا وقت آئے جب ہتھیار ڈالنے والا کوئی بھی باقی نہ رہے۔

اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے بھی اعلان کیا ہے کہ اسرائیل ایران کے خلاف جنگ پوری طاقت سے جاری رکھے گا اور ایرانی حکومت کے خاتمے کے لیے منظم منصوبہ موجود ہے۔

ادھر ایران کے نائب وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ ملک کے پاس موجود بم، ڈرون اور میزائل کے ذخائر مکمل طور پر محفوظ اور تیار ہیں اور ایران طویل عرصے تک کسی بھی خطرے کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

رپورٹس کے مطابق جنگ کے پہلے ہفتے میں اسرائیلی فضائیہ نے ایران میں تقریباً 3400 حملے کیے اور ہزاروں ہتھیار استعمال کیے جبکہ میزائل سازی سے متعلق تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

ادھر امریکی صدر نے برطانوی وزیر اعظم سر کیئر اسٹارمر پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کو ایسے اتحادیوں کی ضرورت نہیں جو جنگ جیتنے کے بعد اس میں شامل ہونا چاہیں۔

متعلقہ خبریں