امریکی جریدے فوربز کی تازہ ترین ارب پتی افراد کی فہرست کے مطابق ٹیکنالوجی کے شعبے کی معروف شخصیت ایلون مسک دنیا کے امیر ترین انسان بن گئے ہیں، جن کی مجموعی دولت حیران کن طور پر 839 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔
فوربز کے مطابق ایلون مسک انسانی تاریخ کے وہ پہلے فرد بن گئے ہیں جن کی دولت 800 ارب ڈالر کی حد عبور کر گئی ہے اور وہ مستقبل میں دنیا کے پہلے کھرب پتی (ٹریلینئر) بننے کی دوڑ میں بھی سب سے آگے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران ایلون مسک کی دولت میں تقریباً 500 ارب ڈالر کا غیر معمولی اضافہ ہوا، جس کی بڑی وجہ ان کی کمپنی Tesla کی بڑھتی ہوئی مارکیٹ ویلیو اور خلائی کمپنی اسپیس ایکس کی تیزی سے بڑھتی قدر ہے۔
فوربز کا کہنا ہے کہ اسپیس ایکس 2026 میں ممکنہ پبلک آفرنگ کی تیاری کر رہی ہے، جس کے بعد کمپنی کی مالیت مزید بڑھنے کا امکان ہے اور اس کے ساتھ ایلون مسک کی دولت میں بھی زبردست اضافہ ہو سکتا ہے۔
دوسری جانب فوربز کی رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں ارب پتی افراد کی تعداد بھی ریکارڈ سطح تک پہنچ گئی ہے۔ اس وقت دنیا میں 3,428 ارب پتی موجود ہیں جبکہ ان کی مجموعی دولت بڑھ کر 20.1 کھرب ڈالر تک پہنچ گئی ہے، جو اب تک کی بلند ترین سطح ہے۔
ماہرین کے مطابق ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور خلائی صنعت میں تیزی سے ہونے والی ترقی نے دنیا کے امیر ترین افراد کی دولت میں غیر معمولی اضافہ کیا ہے، جس کی نمایاں مثال ایلون مسک کی ریکارڈ توڑ دولت ہے۔




















