Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ایران کے نئے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کا پہلا بیان، آبنائے ہرمز بند رکھنے کا اعلان

ایرانی سمیت تمام شہداء کا بدلہ لیں گے۔ دشمن نے اسکولوں پر حملہ کئے، ان کو حساب دینا ہوگا، سپریم لیڈر

تہران: ایران کے نئے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے اپنا پہلا بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ آبنائے ہرمز کو بند رہنا چاہیے اور امریکی اڈوں کے خلاف کارروائی جاری رکھی جائے گی۔

مجتبیٰ خامنہ ای نے اپنے بیان میں کہا کہ ان کا عہدہ ان سے کئی چیزوں کا تقاضا کررہا ہے۔ موجودہ حالات کے ساتھ مستقبل کے فیصلے بھی کرنے ہوں گے جب کہ ایرانی رہنماؤں اور عوام کے درمیان ہمیشہ رابطہ قائم رہے گا۔

نئے سپریم لیڈر نے اپنے والد آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے والد، اہلیہ اور بہن نے شہادت کا رتبہ پایا اور شہداء کی فہرست میں شامل ہوئے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کے والد علی خامنہ ای کو 10 رمضان کو قرآن پڑھتے ہوئے شہید کیا گیا۔ ہر ایرانی سمیت تمام شہداء کا بدلہ لیں گے، دشمن نے اسکولوں پر حملہ کئے اور ان کو اس کا حساب دینا ہوگا۔

مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ آبنائے ہرمز کو بند رہنا چاہیے۔ انہوں نے مشرق وسطیٰ سے امریکی اڈے بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر امریکی اڈے بند نہ ہوئے تو حملے جاری رہیں گے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ مشکل ترین وقت میں ایرانی فورسز نے دشمن کو دندان شکن جواب دیا اور دشمن کو حاوی نہیں ہونے دیا۔

نئے سپریم لیڈر نے کہا کہ 15 پڑوسی ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں اور وہ پڑوسیوں سے بہتر تعلقات کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے عوامی یکجہتی کے ساتھ دشمن کو شکست دینے کا عزم ظاہر کیا۔

مجتبیٰ خامنہ ای نے تمام ایرانیوں سے مکمل اتحاد کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی حمایت کے بغیر ان کی کوئی اہمیت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کی حمایت سے عظیم رہنماؤں کی تقلید کرتے رہیں گے اور عوام کی خدمت کے لیے قرآن سے رہنمائی حاصل کریں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ دشمن جھوٹ کا سہارا لے رہا ہے اور ایرانی عوام کا اتحاد ہمیشہ قائم رہے گا۔

متعلقہ خبریں