Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

منی پور؛ کشیدگی میں شدید اضافہ، عوام اور بھارتی فوج آمنے سامنے

اطلاعات کے مطابق بعض علاقوں میں عوامی دباؤ کے باعث بھارتی فوج کو پیچھے ہٹنا پڑا ہے۔

بھارتی ریاست منی پور میں حالات انتہائی کشیدہ ہوگئے ہیں۔ مقامی عوام اور بھارتی فوج کے درمیان جھڑپوں نے خطے میں موجودہ صورتحال کو مزید غیر یقینی بنادیا ہے۔

مظاہرین نے بھارتی فوجی گاڑی کو نقصان پہنچاتے ہوئے فوجیوں کو زدوکوب کیا۔ مقامی افراد نے بھارتی فوجی افسران کو کھلے عام دھمکی دیتے ہوئے چیک پوسٹیں ہٹانے کا مطالبہ بھی کیا۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ اگر فوجی چیک پوسٹیں نہ ہٹائی گئیں تو عوام خود کارروائی کریں گے جب کہ مقامی افراد نے ’’انڈین آرمی گو بیک‘‘ کے نعرے بھی لگائے اور الزام عائد کیا کہ بھارتی فوج کی موجودگی خطے میں کشیدگی کو بڑھارہی ہے۔

اطلاعات کے مطابق بعض علاقوں میں عوامی دباؤ کے باعث بھارتی فوج کو پیچھے ہٹنا پڑا جس سے سیکیورٹی صورتحال مزید غیر یقینی ہوگئی ہے۔

دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ منی پور میں بڑھتی ہوئی بے چینی بھارت کے اندرونی سیکیورٹی چیلنجز کو ظاہر کرتی ہے۔

ماہرین کے مطابق اگر سیاسی اور سماجی مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل نہ کیا گیا تو صورتحال مزید بگڑ سکتی ہے۔ منی پور میں عوام اور بھارتی فورسز کے درمیان نفرت اور فاصلے بڑھتے نظر آرہے ہیں۔

واضح رہے کہ منی پور گزشتہ کئی ماہ سے نسلی کشیدگی کا شکار ہے جس میں اب تک درجنوں افراد جاں بحق اور ہزاروں بے گھر ہوچکے ہیں۔

متعلقہ خبریں