Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ایران کے اسرائیل اور امریکی اڈوں پر حملے، عراق میں امریکی طیارہ گر کر تباہ

امریکی طیارہ بردار جہاز ابراہم لنکن کو میزائل حملوں میں نشانہ بنایا گیا

مشرقِ وسطیٰ میں ایران، اسرائیل اور امریکا کے درمیان کشیدگی خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے، جہاں ایران نے اسرائیل اور خطے میں موجود امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایران نے نئے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کے بیان کے بعد اسرائیل پر شدید میزائل حملے کیے، جن میں تل ابیب کے مرکزی علاقوں کو نشانہ بنایا گیا۔

ایرانی میزائل حملہ، ابراہم لنکن کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی طیارہ بردار جہاز ابراہم لنکن کو میزائل حملوں میں نشانہ بنایا گیا جس سے جہاز کو نقصان پہنچا۔

 تاہم، اس حوالے سے امریکی حکام کی جانب سے تاحال باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔

بحرین میں امریکی بحری اڈے پر حملہ

ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے مطابق بحرین کے دارالحکومت منامہ میں واقع مینا سلمان کے علاقے میں امریکی بحری اڈے پر میزائلوں اور ڈرونز سے حملہ کیا گیا۔

 دعویٰ کیا گیا ہے کہ حملوں میں اینٹی ڈرون سسٹمز، ڈرون اسٹوریج مراکز اور فیول ٹینکس کو نشانہ بنایا گیا۔

عراق میں امریکی طیارہ گر کر تباہ

غیر ملکی میڈیا کے مطابق عراق میں امریکی ایندھن بردار طیارہ گر کر تباہ ہوگیا۔

 ایرانی فوج کے مطابق طیارہ عراقی مزاحمتی فورسز نے مار گرایا جس میں سوار تمام اہلکار ہلاک ہوگئے۔

تاہم، امریکی سینٹرل کمانڈ نے مغربی عراق میں کے سی 135 طیارے کے گرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ایک طیارہ حادثے کا شکار ہوا جبکہ دوسرا محفوظ طریقے سے لینڈ کر گیا۔

لبنان میں اسرائیلی بمباری، ہلاکتوں میں اضافہ

اس دوران اسرائیلی فورسز نے لبنان میں بھی فضائی حملے جاری رکھے۔ تازہ حملوں میں مزید 9 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 2 مارچ سے جاری کارروائیوں میں ہلاکتوں کی تعداد 687 تک پہنچ گئی ہے جن میں 90 سے زائد بچے بھی شامل ہیں۔

ایران میں دھماکوں کی آوازیں

غیر ملکی خبر ایجنسیوں کے مطابق اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران میں وسیع پیمانے پر نئے حملے شروع کیے ہیں، تہران اور دیگر شہروں میں رات گئے دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ حملوں میں ایران کے سرکاری انفراسٹرکچر اور نیوکلیئر پروگرام سے متعلق اہم مقامات کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

فرانس کا فوجی ہلاک

دوسری جانب جمعرات کی شب مخمور کے علاقے میں ڈرون حملے کے نتیجے میں ایک فرانسیسی فوجی ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کردستان کے علاقے میں پیش آنے والے واقعے میں کئی فوجی زخمی بھی ہوئے۔

بچوں کی ہلاکتوں پر تشویش

یونیسف کے مطابق جنگ کے آغاز سے اب تک خطے میں 1100 سے زائد بچے ہلاک یا زخمی ہوچکے ہیں، جن میں 200 ایران، 91 لبنان، 4 اسرائیل اور ایک بچہ کویت میں مارا گیا۔

متعلقہ خبریں