چین اور شمالی کوریا کے درمیان تقریباً 6 سال کے وقفے کے بعد مسافر ٹرین سروس دوبارہ بحال کردی گئی ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق بیجنگ سے پیانگ یانگ جانے والی پہلی مسافر ٹرین جمعرات کو روانہ ہوئی، اس سفر کے لیے ٹکٹ زیادہ تر کاروباری ویزا رکھنے والے مسافروں نے خریدے ہیں جن میں کاروباری شخصیات، سرکاری حکام اور صحافی شامل ہیں۔
چینی ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ 18 مارچ کو چلنے والی اگلی ٹرین کے لیے بھی ٹکٹ دستیاب ہیں۔ ڈانڈونگ اور پیانگ یانگ کے درمیان ٹرین روزانہ کی بنیاد پر چلے گی جبکہ بیجنگ اور پیانگ یانگ کے درمیان ٹرینیں ہفتے میں چار دن یعنی پیر، بدھ، جمعرات اور ہفتے کو چلائی جائیں گی۔
چینی ریلوے کے مطابق مسافروں کی سفری دستاویزات کی جانچ چین کے سرحدی مقام ڈانڈونگ بارڈر کراسنگ اور شمالی کوریا کے شہر سینوئجو میں مکمل کی جائے گی۔
واضح رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان مسافر ٹرین سروس سن 2020 میں کورونا وائرس کی عالمی وبا کے دوران معطل کردی گئی تھی۔




















