Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ایران کے نئے سپریم لیڈر تک پہنچنے کی کوشش؟ امریکا نے بڑا اعلان کر دیا

معلومات انکرپٹڈ میسجنگ پلیٹ فارمز اور ٹی او آر  نیٹ ورک پر دی جا سکتی ہیں

امریکا نے ایران کی اعلیٰ قیادت اور سیکیورٹی حکام سے متعلق معلومات فراہم کرنے والوں کے لیے بھاری انعام کا اعلان کر دیا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ریوارڈ فار جسٹس کے تحت ایران کے نئے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای سمیت کئی اہم شخصیات کے بارے میں معلومات دینے پر ایک کروڑ ڈالر تک انعام کی پیشکش کی گئی ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کی ڈپلومیٹک سیکیورٹی سروس کی جانب سے جاری بینر میں مطلوب شخصیات کی فہرست میں علی اصغر حجازی (سابق سپریم لیڈر کے نائب چیف آف اسٹاف) اور ایران کے سینئر سیکیورٹی عہدیدار علی لاریجانی بھی شامل ہیں۔

اس کے علاوہ فہرست میں سپریم لیڈر کے سینئر فوجی مشیر یحییٰ رحیم صفوی، ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی اور وزیرِ انٹیلی جنس اسمعیل خطیب کے نام بھی شامل کیے گئے ہیں۔

بیان میں مزید چار اہم عہدوں کا بھی ذکر کیا گیا ہے جن میں سپریم ڈیفنس کونسل کے سیکریٹری، سپریم لیڈر کے ملٹری آفس کے سربراہ، پاسداران انقلاب کے کمانڈر اِن چیف اور سپریم لیڈر کے ایک اہم مشیر شامل ہیں، تاہم ان عہدوں پر موجود افراد کے نام ظاہر نہیں کیے گئے۔

امریکی حکام کے مطابق یہ تمام افراد پاسداران انقلاب کے مختلف شعبوں کی قیادت کرتے ہیں اور عالمی سطح پر کارروائیوں کی منصوبہ بندی، تنظیم اور عملدرآمد میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

ریوارڈ فار جسٹس پروگرام کے مطابق اگر کسی کے پاس ان شخصیات یا پاسداران انقلاب کے اعلیٰ کمانڈرز اور ان کے نیٹ ورکس سے متعلق قابلِ اعتماد معلومات ہوں تو وہ محفوظ اور خفیہ طریقوں کے ذریعے رابطہ کر سکتا ہے۔

اس مقصد کے لیے انکرپٹڈ میسجنگ پلیٹ فارمز اور ٹی او آر  نیٹ ورک پر مبنی خصوصی رابطہ چینل فراہم کیا گیا ہے۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ فراہم کی جانے والی قابل عمل معلومات پر 10 ملین ڈالر تک انعام دیا جا سکتا ہے۔

متعلقہ خبریں