Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ٹرمپ نے ایرانی یورینیم روس منتقل کرنے کی پیوٹن کی پیشکش مسترد کردی

روسی صدر نے جنگ بندی کے لئے ایران کا 60 فیصد افزودہ یورینیم روس منتقل کرنے کی تجویز دی تھی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے افزودہ یورینیم کو روس منتقل کرنے کی پیشکش مسترد کر دی ہے۔

امریکی خبر رساں ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے ٹیلی فون پر ڈونلڈ ٹرمپ کو تجویز دی تھی کہ ایران کا 60 فیصد افزودہ یورینیم روس منتقل کر دیا جائے تاکہ جاری جنگ کو ختم کرنے میں مدد مل سکے۔

رپورٹ کے مطابق ایران کے پاس تقریباً 450 کلوگرام افزودہ یورینیم موجود ہے جس سے 10 سے زائد جوہری بم بنانے کی صلاحیت پیدا ہو سکتی ہے۔ اسی وجہ سے ایرانی یورینیم امریکا اور اسرائیل کے اہم اہداف میں شامل ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ روس اس سے پہلے بھی اسی نوعیت کی پیشکش کر چکا ہے لیکن امریکا نے اسے قبول نہیں کیا۔

مزید پڑھیں: ایران کے خارگ جزیرے اور فوجی اہداف پر تاریخ کے طاقتور ترین حملے کیے ہیں، ٹرمپ

دوسری جانب پینٹاگون کا کہنا ہے کہ ایران کے خلاف جاری آپریشن ایپک فیوری میں 50 ہزار سے زائد امریکی اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔ پینٹاگون کے مطابق فضائی اور بحری کنٹرول قائم کر کے ہزاروں ایرانی اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

امریکی محکمہ دفاع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز تقریباً 6 ہزار اہداف کو نشانہ بنایا گیا جبکہ 60 سے زائد جہاز اور 30 مائن لیئرز تباہ کیے گئے۔ کارروائیوں میں بمبار طیارے، لڑاکا طیارے، ڈرونز، میزائل دفاعی نظام اور دیگر جدید عسکری آلات استعمال کیے گئے ہیں۔

پینٹاگون کے مطابق ایرانی حکومت آبنائے ہرمزکے قریب بندرگاہوں کو فوجی مقاصد کے لیے استعمال کر رہی ہے، جس کے باعث بین الاقوامی قوانین کے تحت ایسی بندرگاہیں قانونی طور پر فوجی ہدف بن جاتی ہیں۔

متعلقہ خبریں