Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سعودی عرب میں طیاروں کی تباہی کی خبریں جھوٹی ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ

ایران مکمل طور پر شکست کھاچکا ہے اور معاہدہ چاہتا ہے، امریکی صدر

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی عرب میں طیاروں کی تباہی کی خبروں کو جھوٹا قرار دے دیا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ جعلی میڈیا نے ایک بار پھر غلط خبریں پھیلائی ہیں جب کہ سعودی عرب کے ہوائی اڈے سے متعلق گمراہ کن خبر چلائی گئیں۔

صدر ٹرمپ نے واضح کیا کہ سعودی عرب میں 5 ٹینکر طیاروں کی تباہی کی خبریں گمراہ کن ہیں۔ اصل میں چند دن پہلے سعودی عرب میں اڈے کو نشانہ بنایا گیا تھا لیکن حملے میں طیاروں کو نہ نقصان ہوا اور نہ ہی وہ تباہ ہوئے۔

امریکی صدر نے بتایا کہ 5 میں سے 4 طیارے ٹھیک اور مکمل فعال ہیں جب کہ ایک طیارے کو قدرے زیادہ نقصان ہوا مگر وہ جلد دوبارہ پرواز کرے گا۔

انہوں نے نیویارک ٹائمز اور وال اسٹریٹ جرنل پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارے غلط خبریں پھیلا رہے ہیں۔ جعلی میڈیا چاہتا ہے کہ امریکا یہ جنگ ہار جائے۔

امریکی صدر نے ایران کے حوالے سے کہا کہ ایران مکمل طور پر شکست کھاچکا ہے اور معاہدہ چاہتا ہے۔

ان کا دعویٰ تھا کہ امریکا ایران کی فوجی صلاحیت کو 100 فیصد تباہ کرچکا ہے تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایران اب بھی ڈرون، بارودی سرنگ یا قریبی فاصلے کے میزائل استعمال کرسکتا ہے۔

صدر ٹرمپ نے آبنائے ہرمز کو کھلا اور محفوظ رکھنے کے لیے کئی ممالک سے امریکا کے ساتھ جنگی جہاز بھیجنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے چین، فرانس، جاپان، جنوبی کوریا اور برطانیہ سے کہا ہے کہ وہ آبنائے ہرمز میں جہاز بھیجیں۔

امریکی صدر کا مزید کہنا تھا کہ امریکا ساحلی علاقوں پر حملے جاری رکھے گا اور ایرانی کشتیوں کو نشانہ بنائے گا۔ امریکا جلد آبنائے ہرمز کو کھلا، محفوظ اور آزاد بنا دے گا۔

متعلقہ خبریں