تہران: ایرانی سرکاری میڈیا نے متحدہ عرب امارات میں مقیم شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ دبئی کی جبل علی بندرگاہ، ابوظہبی کی خلیفہ پورٹ اور فجیرہ پورٹ کے ارد گرد کے علاقے فوری طور پر خالی کردیں۔
ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم نیوز کے مطابق ان علاقوں میں امریکی فوجی موجودگی کے باعث یہ مقامات ممکنہ اہداف بن گئے ہیں۔
تسنیم نیوز نے ٹیلی گرام پر جاری کردہ پیغام میں کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں مخصوص علاقوں کے رہائشیوں اور باشندوں کو انتباہ کیا جاتا ہے کہ وہ فوری طور پر جبل علی، خلیفہ اور فجیرہ بندرگاہوں کے علاقوں سے دور ہوجائیں۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ان علاقوں کو آئندہ چند گھنٹوں میں نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ شہری تنصیبات کے درمیان امریکی فوجی موجودگی کے باعث یہ علاقے جائز ہدف بن گئے ہیں۔
ایران کا کہنا تھا کہ تمام شہریوں، بندرگاہ کارکنوں اور ان علاقوں میں موجود افراد سے درخواست ہے کہ وہ اپنی جان بچانے کے لیے جلد از جلد ان علاقوں سے نکل جائیں۔
یہ انتباہ امریکا کی جانب سے ایران کے خارگ آئل ٹرمینل پر حالیہ حملوں کے بعد سامنے آیا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعے کو دعویٰ کیا تھا کہ امریکی افواج نے ایران کے تیل کی برآمدات کا مرکز خارگ جزیرے پر موجود فوجی اہداف کو تباہ کردیا ہے۔
واضح رہے کہ 28 فروری کو امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف مشترکہ فوجی کارروائی کے بعد خطے میں کشیدگی عروج پر ہے۔




















