Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ایرانی حملوں کی 50 ویں لہر؛ سعودی عرب کا ایران کے 10 ڈرون مار گرانے کا دعویٰ

ایران نے آپریشن وعدہ صادق 4 کے تحت حملوں کی 50ویں لہر شروع کردی ہے

سعودی عرب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے ایران کے 10 ڈرونز کو مار گرایا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق سعودی فضائی دفاعی نظام نے ریاض اور مشرقی ریجن کی فضائی حدود میں داخل ہونے والے تمام ڈرونز کو بروقت کارروائی کرتے ہوئے تباہ کر دیا۔

رپورٹس کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ دفاعی نظام مکمل طور پر فعال ہے اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔

حزب اللہ نے اسرائیلی فوجیوں پر راکٹ داغے

دوسری جانب حزب اللہ نے اسرائیلی فورسز پر حملوں کا دعویٰ کیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حزب اللہ نے اسرائیلی فوجیوں پر راکٹ داغے جبکہ لبنان کے سرحدی شہر میس الجبل کے قریب اسرائیلی فوجی توپ خانے کے ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

حملوں کی 50ویں لہر کا نام’’یا زہرہ‘‘ رکھا گیا ہے، ایرانی پاسداران انقلاب

ایران نے اعلان کیا ہے کہ آپریشن وعدہ صادق 4 کے تحت حملوں کی 50ویں لہر شروع کر دی گئی ہے جسے ’’یا زہرہ‘‘ کا نام دیا گیا ہے، حملوں میں امریکی فوجی اڈوں اور وارننگ ریڈار سسٹمز کو نشانہ بنایا گیا۔

حملوں کے دوران الدفرہ ایئربیس، فجیرہ، نیول سپورٹ ایکٹیوٹی بحرین، امریکی بحری بیڑے کے مرکز، علی السالم ایئربیس اور موفق سالتی ایئربیس کو ٹارگٹ کیا گیا۔

ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے مطابق یہ حملے درست نشانہ بنانے والے ڈرونز کے ذریعے انجام دیے گئے جبکہ حکام نے مقامی شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ امریکی فوجیوں کے ٹھکانوں اور ممکنہ اہداف سے دور رہیں۔

امریکا اب آبنائے ہرمز کیلئے دیگر ممالک سے مددمانگ رہا ہے، عباس عراقچی

دوسری جانب ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے روسی میڈیا آر ٹی کو دیے گئے انٹرویو میں دعویٰ کیا ہے کہ امریکا نے خارگ اور ابو موسیٰ جزیرے پر حملے کے لیے متحدہ عرب امارات کی سرزمین استعمال کی۔

عباس عراقچی کے مطابق امریکا نے راس الخیمہ اور دبئی کے قریب سے ہیمار راکٹوں کے ذریعے ایران کو نشانہ بنایا۔ اب یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ پڑوسی ممالک کی زمین ایرانی سرزمین پر حملوں کے لیے استعمال ہو رہی ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے خبردار کیا کہ ایران اس کا بھرپور جواب دے گا۔ آبنائے ہرمز امریکا اور اس کے سہولت کاروں کے لیے بند ہے۔

انہوں نے امریکی سیکیورٹی حکمتِ عملی کو ناکام اور مسائل کو دعوت دینے والی قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکا اب آبنائے ہرمز کے معاملے پر دیگر ممالک حتیٰ کہ چین سے بھی مدد مانگ رہا ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے ہمسایہ ممالک سے اپیل کی کہ وہ اپنی سرزمین سے غیر ملکی جارح افواج کو نکالیں۔ امریکا کی دلچسپی صرف اسرائیل میں ہے، خطے کی حفاظت میں نہیں۔

دبئی میں حملہ روکنے کیلئے فضائی دفاعی نظام متحرک

دبئی میڈیا آفس کے مطابق دبئی میں حملہ روکنے کے لیے فضائی دفاعی نظام متحرک کر دیا گیا تھا جبکہ مرینا اور السفوہ کے علاقوں میں سنے جانے والے دھماکے دراصل دفاعی کارروائیوں کا نتیجہ تھے۔

عرب میڈیا کے مطابق مشرقی تہران میں بھی دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔

ایران کے ڈرونز امریکی اور اتحادی فوجوں کیلئے درد سر بن گئے

امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایرانی ڈرونز امریکی اور اتحادی افواج کے لیے بڑا چیلنج بن گئے ہیں۔

امریکی ٹی وی این بی سی نیوز کے مطابق ایرانی ڈرونز نے اتحادی دفاعی نظام کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق سیٹلائٹ تصاویر اور ویڈیوز میں ایرانی ڈرونز کو اپنے اہداف تک پہنچتے دیکھا گیا جبکہ این بی سی نے ڈرون حملوں کی 30 ویڈیوز کا تجزیہ بھی کیا ہے۔

متعلقہ خبریں