امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی جانب سے بند کی گئی آبنائے ہرمز کو کھولنے میں مدد نہ دینے پر نیٹو اور چین کو دھمکیاں دی ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے برطانیہ سے بھی ناراضگی کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کو استعمال کرنے والے ممالک آگے آئیں اور اپنے راستے کی حفاظت کریں، انھوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز سے متعلق 7 ممالک سے بات کررہے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے نیٹو کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ اتحادی ممالک آبنائے ہرمز کھولنے میں مدد نہیں کریں گے تو نیٹو کا مستقبل بہت خراب ہوگا، انھوں نے چین کو بھی دھمکاتے ہوئے کہا کہ بیجنگ نے مدد نہیں کی تو چینی صدر کے ساتھ ملاقات تاخیر کا شکار ہوسکتی ہے۔
مزید پڑھیں: ٹرمپ نے ایرانی یورینیم روس منتقل کرنے کی پیوٹن کی پیشکش مسترد کردی
ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ ایران کی فوجی صلاحیت کو2ہفتوں میں ختم کر دیا گیا ہے، ایران کوکسی قیمت پر ایٹمی ہتھار نہیں بنانے دیں گے، انھوں نے کہا کہ ایران اب بھی مسائل پیدا کرسکتا ہے جیسے پانی میں بم یاڈرون حملے۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ خارگ جزیرے کو تقریباً تباہ کرچکے ہیں، ایران میں ڈرون سازی کی صنعت کونشانہ بنارہے ہیں، انھوں نے بتایا کہ ایران مذاکرات کرنا چاہتا ہے لیکن وہ شرائط سے مطمئن نہیں۔


















