Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

نیٹو کی ضرورت نہیں، آبنائے ہرمز جلد بحال ہوگی، ڈونلڈ ٹرمپ

امریکہ اپنے اہداف حاصل کرنے کے لیے کسی بیرونی مدد کا محتاج نہیں، امریکی صدر

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکہ کو موجودہ صورتحال میں نیٹو یا دیگر اتحادیوں کی مدد کی ضرورت نہیں اور جلد ہی اہم بحری گزرگاہ آبنائے ہرمز سے جہازوں کی آمد و رفت بحال ہو جائے گی۔

اپنے بیان میں ٹرمپ نے انکشاف کیا کہ زیادہ تر نیٹو اتحادیوں نے ایران کے خلاف جاری آپریشن میں شامل ہونے سے انکار کر دیا ہے، جسے انہوں نے مایوس کن قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ نیٹو ہمیشہ سے ون وے ٹریفک رہا ہے، جہاں امریکہ دوسروں کے دفاع پر اربوں ڈالر خرچ کرتا ہے مگر ضرورت کے وقت ساتھ نہیں دیا جاتا۔

امریکی صدر نے زور دے کر کہا کہ امریکہ دنیا کی سب سے بڑی طاقت ہے اور وہ تنہا اپنے مفادات کا دفاع کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران کی بحریہ، فضائیہ اور دفاعی نظام کو شدید نقصان پہنچایا جا چکا ہے اور اب کسی بڑے خطرے کا سامنا نہیں۔

ٹرمپ نے مزید کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ کے باعث تیل اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ عارضی ہے اور جیسے ہی جنگ ختم ہوگی، عالمی منڈی میں قیمتیں تیزی سے نیچے آ جائیں گی۔

انہوں نے اتحادی ممالک کے رویے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جاپان، آسٹریلیا اور جنوبی کوریا سمیت دیگر ممالک بھی اس موقع پر امریکہ کے ساتھ کھڑے نظر نہیں آئے، تاہم امریکہ اپنے اہداف حاصل کرنے کے لیے کسی بیرونی مدد کا محتاج نہیں۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کے ساحلی علاقوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اور خطے میں امریکی کارروائیاں اپنے مقاصد کے قریب پہنچ رہی ہیں، جبکہ مشرق وسطیٰ کے بعض ممالک بشمول اسرائیل نے امریکہ کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔

متعلقہ خبریں