ایران نے علی لاریجانی سمیت تمام شہدا کا انتقام لینے کے لیے اسرائیل پر میزائلوں کی بارش کردی، 200 اسرائیلوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ بھی کردیا۔
ایرانی میڈیاکے مطابق ایرانی سکیورٹی چیف علی لاریجانی کی شہادت کے بعد ایران نے اسرائیل کے دارالحکومت تل ابیب پر شدید حملے کیے ہیں۔ پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ 100 میزائل اپنے ہدف پر لگے ہیں، جس کے نتیجے میں 200 اسرائیلی ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔
ایران کے دبئی، کویت اور دوحہ پر بھی میزائل اور ڈرون حملے، خطہ لرز اٹھا
ایران نے امریکا اور اسرائیل کے ساتھ جاری جنگ کے دوران خلیجی ممالک پر میزائل اور ڈرون حملوں کا سلسلہ تیز کر دیا ہے، جس کے باعث پورا خطہ شدید کشیدگی کی زد میں آ گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق قطر، متحدہ عرب امارات، کویت، سعودی عرب اور بحرین نے حالیہ گھنٹوں میں متعدد میزائل اور ڈرون حملوں کو ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ قطر کی وزارت دفاع کے مطابق ایک میزائل کو فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا، جبکہ کویت کی نیشنل گارڈ نے ایک ڈرون مار گرانے کی تصدیق کی ہے۔
متحدہ عرب امارات میں بھی فضائی دفاعی نظام کو متحرک کیا گیا، جہاں دبئی سمیت مختلف علاقوں میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ حکام کے مطابق یہ دھماکے دفاعی کارروائیوں کے نتیجے میں ہوئے۔
مزید پڑھیں: علی لاریجانی بیٹے سمیت شہید، ایران کا انتقام لینے کا اعلان
سعودی عرب نے بھی مشرقی علاقے میں ایک ڈرون کو تباہ کرنے کا اعلان کیا ہے، جبکہ بحرین نے جنگ کے آغاز سے اب تک سینکڑوں میزائل اور ڈرونز کو ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ایران نے 28 فروری سے شروع ہونے والی جنگ کے بعد سے خلیجی ممالک کی جانب سینکڑوں میزائل اور ڈرون داغے ہیں، جن میں بڑی تعداد متحدہ عرب امارات کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔
ان حملوں کے باعث خطے میں جانی نقصان بھی ہوا ہے، جبکہ معیشت پر گہرے اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ توانائی کی پیداوار متاثر ہوئی ہے اور سیاحت و فضائی سفر بھی شدید متاثر ہوئے ہیں۔
ماہرین کے مطابق آبنائے ہرمز کی بندش کے باعث تیل کی پیداوار میں نمایاں کمی آئی ہے، اور مشرقِ وسطیٰ میں یومیہ تیل کی پیداوار 21 ملین بیرل سے کم ہو کر 14 ملین بیرل تک آ گئی ہے، جس سے عالمی معیشت پر بھی دباؤ بڑھ گیا ہے۔
علی لاریجانی سمیت تمام شہدا کے خون کا بدلہ لیا جائے گا، ایرانی پاسداران انقلاب گارڈز
ایرانی سرکاری ٹی وی کے مطابق علی لاریجانی کی شہادت کے جواب میں تل ابیب کو کلسٹر وار ہیڈز لے جانے والے میزائلوں سے نشانہ بنایا جبکہ میزائل حملوں میں اسرائیلی فوجی تنصیبات بھی نشانہ بنیں۔
پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیاہے کہ نئے حملے میں میزائل 100 سے زائد اہداف پر لگے ہیں اور ان حملوں میں 200 اسرائیلی ہلاک اور زخمی ہوئے۔ دوسری جانب اسرائیلی میڈیا کا بتانا ہے کہ ایرانی حملوں میں 2 افراد ہلاک جبکہ چند افراد زخمی ہوئے ہیں۔
امریکی طیارہ بردار بحری جہاز جنگ چھوڑ کر واپس بندرگاہ کی طرف جانا شروع
امریکی میڈیا نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ امریکی طیارہ بردار بحری جہاز ‘یو ایس ایس جیرالڈ فورڈ’ ایران جنگ چھوڑ کر واپس بندرگاہ کی طرف جا نا شروع ہوگیا، اس سے پہلے کہا گیا تھا کہ امریکی بحری بیڑے یو ایس ایس جیرالڈ فورڈ میں آگ لگ گئی تھی ۔
امریکی اخبار کے مطابق یو ایس ایس جیرالڈ فورڈ کے مرکزی لانڈری ایریا میں لگی آگ بجھانے میں 30 گھنٹوں سے زیادہ وقت لگا، دو امریکی فوجی زخمی ہوئے، جہاز کے انجن کو کوئی نقصان نہیں پہنچا، آگ لگنے سے 600 سے زائد فوجی اپنے بستروں سے محروم ہوگئے۔
بغداد میں امریکی سفارت خانے کے قریب ڈرون حملہ
قطر ، عراق اور متحدہ عرب امارات سمیت خلیجی ممالک میں امریکی اڈوں پر میزائل اور ڈرون حملے جاری ہیں، عراق کے دارالحکومت بغداد میں امریکی سفارت خانے کے قریب ڈرون حملہ ہوا، دفاعی نظام نے ڈرون طیارے کو روکنے کے لیے کارروائی کی، عرب میڈیا کے مطابق ڈرون طیارہ امریکی سفارت خانے کے احاطے میں جاگرا۔



















