سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں عرب و اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں خطے کی مجموعی صورتحال، جاری تنازعات اور امن و استحکام پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس میں اسحاق ڈار نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے علاقائی ممالک کی خودمختاری کی مکمل حمایت کا اعلان کیا اور مسلم امہ کے اتحاد کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے جاری تنازعات کے فوری خاتمے اور سفارتکاری کے ذریعے مسائل کے حل کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
پاکستان کی جانب سے اسرائیل کی جارحیت اور اشتعال انگیزی کی شدید مذمت کی گئی، جبکہ شہریوں اور اہم تنصیبات پر حملوں کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے خطے میں توانائی کے تحفظ کو یقینی بنانے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔
اسحاق ڈار نے اجلاس کے شرکاء کو پاکستان کی سفارتی کوششوں سے آگاہ کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں امن کے قیام کے لیے اپنا تعمیری کردار جاری رکھے گا۔
اجلاس کے اختتام پر عرب و اسلامی ممالک کی جانب سے مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا، جس میں خطے میں کشیدگی کم کرنے، امن کے فروغ اور باہمی تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
پاکستان نے اس موقع پر سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی اور غیر متزلزل حمایت کا اظہار بھی کیا۔
اجلاس کے موقع پر اسحاق ڈار نے ترکیہ اور آذربائیجان کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں بھی کیں، جن میں علاقائی صورتحال اور باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
علاوہ ازیں مصر، پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ پر مشتمل چار ملکی اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر غور کیا گیا۔


















