Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سوڈان کے اسپتال پر قیامت خیز حملہ، 13 معصوم بچوں سمیت 64 افراد ہلاک

اس جنگ میں اب تک 40 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں، اقوام متحدہ

افریقی ملک سوڈان کے شورش زدہ علاقے دارفور میں انسانیت سوز واقعہ پیش آیا جہاں ایک اسپتال پر مہلک حملے میں کم از کم 64 افراد جاں بحق ہو گئے، جن میں 13 معصوم بچے بھی شامل ہیں۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق مشرقی دارفور کے شہر میں واقع التدعین ٹیچنگ اسپتال کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 89 سے زائد افراد زخمی ہوئے جبکہ اسپتال مکمل طور پر ناکارہ ہو گیا۔

ادارے کے سربراہ ٹیڈروس ایڈھینوم نے اس ہولناک حملے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بہت خون بہہ چکا، بہت تکلیف دی جا چکی اب وقت آ گیا ہے کہ سوڈان میں جنگ ختم کی جائے۔

یاد رہے کہ اپریل 2023 سے سوڈان خانہ جنگی کی لپیٹ میں ہے، جہاں فوج اور نیم فوجی تنظیم ریپڈ سپورٹ فورس  کے درمیان اقتدار کی جنگ نے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔

اسپتال پر حملے کے بعد الزام تراشیوں کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا ہے۔ آر ایس ایف نے اس حملے کا ذمہ دار فوج کو ٹھہرایا، جبکہ فوج نے اس کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ کارروائی قریبی پولیس اسٹیشن کو نشانہ بنانے کے لیے کی گئی تھی۔

اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق اس جنگ میں اب تک 40 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں، تاہم امدادی اداروں کا کہنا ہے کہ اصل تعداد اس سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق جنگ کے آغاز سے اب تک طبی مراکز پر حملوں میں 2 ہزار سے زائد افراد جان سے جا چکے ہیں۔

متعلقہ خبریں