Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بھارت، دختران ملت کی رہنما آسیہ اندرابی کو عمر قید کی سزا، انسانی حقوق کے حلقوں کا شدید ردعمل

ان کے شوہر بھی گزشتہ دو دہائیوں سے زائد عرصے سے قید میں ہیں

مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی عدالت نے معروف کشمیری رہنما آسیہ اندرابی کو عمر قید کی سزا سنا دی ہے، جس کے بعد سیاسی اور انسانی حقوق کے حلقوں میں شدید ردعمل سامنے آ رہا ہے۔

بھارتی تحقیقاتی ادارے نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) کی خصوصی عدالت نے آسیہ اندرابی کے ساتھ ان کی ساتھیوں ناہیدہ نسرین اور فہمیدہ صوفی کو بھی 30، 30 سال قید کی سزا سنائی۔

آسیہ اندرابی 1987 میں قائم کشمیری خواتین کی تنظیم دختران ملت کی بانی ہیں، جس کا مقصد کشمیری خواتین کے حقوق اور خطے کے سیاسی مستقبل سے متعلق آواز اٹھانا رہا ہے۔

رپورٹس کے مطابق آسیہ اندرابی نے اپنی زندگی کشمیری خواتین کی سماجی، معاشی اور تعلیمی بہتری کیلئے وقف کی، جبکہ وہ ماضی میں متنازع انتخابات اور مبینہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف بھی آواز بلند کرتی رہی ہیں۔

یاد رہے کہ ان کے شوہر محمد قاسم فکتو کو بھی 2003 میں عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی اور وہ گزشتہ دو دہائیوں سے زائد عرصے سے قید میں ہیں۔

اس فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم راجہ فیصل ممتاز راٹھوڑ نے تینوں خواتین کو دی گئی سزاؤں کی شدید مذمت کی اور اسے اختلافی آوازوں کو دبانے کی کوشش قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ سزائیں انسانی حقوق کے عالمی اصولوں کے منافی ہیں اور خطے میں سیاسی جبر کی عکاسی کرتی ہیں۔

متعلقہ خبریں