امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف امریکا کی جیت کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران میں نئی قیادت سامنے آنے سے ریجیم چینج ہوگیا ہے۔
وائٹ ہاؤس میں گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ امریکا نے ایران کی جنگی صلاحیت مکمل طور پر ختم کر دی ہے، ایران کے پاس اب نہ مؤثر بحریہ رہی ہے اور نہ ہی فضائیہ، جبکہ ایرانی قیادت کو بھی ختم کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران میں اس وقت ایسی صورتحال ہے کہ بات چیت کے لیے واضح قیادت موجود نہیں، تاہم امریکا درست افراد سے رابطے میں ہے جو معاہدہ چاہتے ہیں، اور توقع ہے کہ کوئی نہ کوئی ڈیل سامنے آجائے گی۔ ان کے بقول ایران کسی بھی قیمت پر معاہدہ کرنے کا خواہاں ہے اور جوہری ہتھیار نہ رکھنے پر آمادہ ہے۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ ایران میں امریکی کارروائیاں کامیاب رہی ہیں، میزائل لانچرز تباہ کر دیے گئے ہیں اور ایران اب مؤثر جوابی کارروائی کی صلاحیت نہیں رکھتا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم ایران میں کھلے عام کارروائیاں کر رہے ہیں، ہمیں کوئی روکنے والا نہیں۔
صدر ٹرمپ کے مطابق ایران میں مواصلاتی نظام بھی شدید متاثر ہوا ہے اور ملک کا انفراسٹرکچر بڑے پیمانے پر تباہ ہو چکا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ تین دن میں ایران کی بحریہ کو مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا ہے اور اب ایران فوجی لحاظ سے غیر مؤثر ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران میں نئی قیادت سامنے آئی ہے جسے رجیم چینج قرار دیا جا سکتا ہے، اور امریکا اب ایک بہتر پوزیشن میں ہو کر مذاکرات کر رہا ہے۔ امریکی صدر نے یہ بھی بتایا کہ مذاکراتی عمل میں مارکو روبیو اور جے ڈی وینس سمیت دیگر اہم شخصیات شریک ہیں۔
صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکا دنیا کا بہترین اسلحہ تیار کرتا ہے اور تیزی سے اپنی دفاعی صلاحیت مزید بڑھا رہا ہے، جبکہ ان کے خیال میں ایران کے خلاف جنگ جلد اختتام کو پہنچ سکتی ہے۔



















