Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

خلیجی ممالک میں ایک اور خطرے کے بادل منڈلانے لگے، متعدد شہروں میں حکام ہائی الرٹ

گھروں میں ہی نماز ادا کریں اور غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں، امارتی محکمہ اوقاف

خطے میں پہلے سے جاری کشیدگی کے سائے مزید گہرے ہو گئے ہیں، کیونکہ اب ایک طاقتور موسمی طوفان بھی خلیجی ممالک کی جانب بڑھ رہا ہے، جس نے شہریوں اور حکام کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔

ماہرین موسمیات کے مطابق یہ طوفان سعودی عرب اور دیگر خلیجی ریاستوں کی طرف تیزی سے بڑھ رہا ہے، جس کے باعث آنے والے دنوں میں موسلا دھار بارشوں، شدید آندھیوں اور گرد آلود ہواؤں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

اطلاعات کے مطابق آج اور جمعرات کے دوران ہوا کی رفتار 60 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔

سعودی محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ طوفانی صورتحال کے باعث حدِ نگاہ شدید متاثر ہو سکتی ہے، جبکہ ساحلی علاقوں میں 2.5 میٹر سے بلند خطرناک لہریں بھی اٹھنے کا امکان ہے، جو کسی بھی ناخوشگوار واقعے کا سبب بن سکتی ہیں۔

دوسری جانب متحدہ عرب امارات میں بھی صورتحال تشویشناک ہوتی جا رہی ہے، جہاں شدید بارشوں کے باعث گھروں اور نشیبی علاقوں میں پانی داخل ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

شہریوں نے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا شروع کر دی ہیں، جبکہ مختلف علاقوں میں ریت کی بوریاں رکھ کر ممکنہ سیلابی صورتحال سے بچنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

اماراتی محکمہ اوقاف نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ شدید بارش کے دوران گھروں میں ہی نماز ادا کریں اور غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔

ماہرین کے مطابق یہ طوفان نہ صرف روزمرہ زندگی کو متاثر کر سکتا ہے بلکہ ٹرانسپورٹ، مواصلات اور ساحلی علاقوں میں خطرناک صورتحال بھی پیدا کر سکتا ہے، جس کے پیش نظر تمام متعلقہ ادارے ہائی الرٹ پر ہیں۔

خلیجی خطہ اس وقت دوہری آزمائش سے گزر رہا ہے—ایک جانب علاقائی کشیدگی، تو دوسری جانب قدرتی آفات کا خطرہ، جس نے صورتحال کو مزید سنجیدہ بنا دیا ہے۔

متعلقہ خبریں