Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ایران جنگ کے باعث دورہ چین مؤخر، صدر ٹرمپ کا نیا اعلان

ایرانی نیوی اور فضائیہ ختم، ایران میں کوئی ایسا نہیں جو سپریم لیڈر بننے کے لیے تیار ہو، خطاب

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی جنگ کے تناظر میں اپنا شیڈول شدہ دورہ چین ملتوی کردیا تھا، لیکن اب انھوں نے نئی تاریخ کا اعلان کردیا ہے۔

صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جاری جنگی صورتحال کے باعث انہیں اپنا دورہ چین ملتوی کرنا پڑا، انھوں نے بتایا کہ وہ اب 14 اور 15 مئی کو بیجنگ کا دورہ کریں گے جہاں ان کی ملاقات چینی صدر شی جن پنگ سے ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ یہ ملاقات اہم عالمی معاملات، خصوصاً خطے کی صورتحال اور باہمی تعلقات کے تناظر میں انتہائی اہمیت کی حامل ہوگی۔

واشنگٹن میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ ان کی قیادت میں دنیا میں 8 جنگیں ختم ہوئی ہیں اور ایک جنگ جیت بھی رہے ہیں۔ ایران کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ ایران اب مذاکرات کر رہا ہے اور ڈیل کا خواہاں ہے، لیکن بولنے سے ڈر رہا ہے۔

مزید پڑھیں: ایران کی جنگی صلاحیت ختم، نئی قیادت آنے سے ریجیم چینج ہوگیا، ٹرمپ

صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ اگر ایرانی قیادت ڈیل سے انکار کرے گی تو ان کے ہاتھوں نقصان ہوگا، اور اگر ڈیل کو قبول کرے گی تو اپنے عوام کے ہاتھوں نقصان ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران میں کوئی ایسا نہیں جو سپریم لیڈر بننے کے لیے تیار ہو، اور ایرانی نیوی اور فضائیہ کو تقریباً ختم کر دیا گیا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے فیک نیوز پر بھی تنقید کی اور کہا کہ میڈیا ایران کے حوالے سے غلط تاثر دیتا ہے، جبکہ حقیقت میں ایران کے پاس کچھ نہیں ہے۔ انہوں نے اپنے سابق انتخابات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ میرے خلاف 94 فیصد منفی خبریں چلیں، پھر بھی میں جیتا۔

صدر ٹرمپ نے داخلی مسائل پر بھی بات کی، بتایا کہ ایئرپورٹس پر آئس کی تعیناتی سے فلائٹس میں تاخیر کا مسئلہ حل ہو گیا اور ضرورت پڑنے پر نیشنل گارڈز بھی بھیجے جائیں گے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ڈیموکریٹس نے شٹ ڈاؤن کرکے ایئرپورٹس کو متاثر کیا اور ہوم لینڈ سیکیورٹی کو فنڈنگ نہ ملنے کی وجہ سے ٹی ایس اے عملہ چھٹیوں پر گیا۔

ٹرمپ نے مزید کہا کہ بی ٹو بمبار طیاروں نے ایرانی جوہری تنصیبات کو تباہ کر دیا اور ایران کی جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی کوشش ناکام ہو گی۔ انہوں نے اوباما اور بائیڈن پر تنقید کی اور کہا کہ وہ امریکا کو تباہی کی طرف لے کر گئے۔ قاسم سلیمانی کی ہلاکت سے ایرانی فوجی قیادت میں خلل پیدا ہوا، انھوں نے دعویٰ کیا کہ فورسز نے اہم اہداف کی طرف بڑھنے والے 100 ایرانی میزائل روکے ہیں۔

آخر میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ مڈ ٹرم انتخابات میں ری پبلکن بھاری اکثریت سے جیت جائیں گے اور ڈیموکریٹ پارٹی کرمنلز اور فراڈ کرنے والوں کی حامی ہے۔

متعلقہ خبریں