Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بنگلادیش میں مسافر بس دریائے پدما میں جاگری، 24 افراد جاں بحق

یہ بس فیری پر سوار ہونے کے لیے جارہی تھی کہ اچانک ڈرائیور کنٹرول کھو بیٹھا اور بس دریا میں جاگری۔

ڈھاکا: بنگلادیش کے ضلع راج باڑی میں ایک مسافر بس دریائے پدما میں گرگئی جس کے نتیجے میں 24 افراد جاں بحق ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بدھ کے روز ڈھاکا سے تقریباً 100 کلومیٹر دور دولت دیا میں یہ بس فیری پر سوار ہونے کے لیے جارہی تھی کہ اچانک ڈرائیور کنٹرول کھو بیٹھا اور بس دریا میں جاگری۔

ریسکیو حکام کے مطابق مسافر بس میں 40 مسافر سوار تھے، فائر سروس کے اہلکار کا کہنا ہے کہ غوطہ خوروں نے ڈوبی ہوئی بس کے اندر سے 22 لاشیں نکال لی ہیں جن میں پانچ بچے، 11 خواتین اور چھ مرد شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ بعد ازاں دو خواتین کو بچاکر اسپتال لے جایا گیا جہاں انہوں نے دم توڑ دیا جب کہ بس دریا میں تقریباً 9 میٹر یا (30 فٹ) کی گہرائی میں جا ڈوبی۔

عینی شاہد نے بتایا کہ بس فیری پر چڑھنے کا انتظار کررہی تھی کہ اچانک دریا میں جاگری۔ کچھ مسافر بس سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوگئے لیکن ان کے خاندان کے افراد اندر پھنس کر جاں بحق ہوگئے۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بس کنارے سے الٹ کر ندی میں گرتی ہے۔ لوگ چیخ رہے ہیں اور کچھ مسافر تیر کر بچنے کی کوشش کررہے ہیں جب کہ مقامی افراد لمبے دوپٹوں کی مدد سے انہیں باہر نکالنے کی کوشش کررہے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ریسکیو کارروائیوں میں فائر سروس کے چار یونٹس، 10 غوطہ خور، فوج، پولیس، کوسٹ گارڈ اور مقامی انتظامیہ شامل ہیں۔ حکام کو خدشہ ہے کہ مزید مسافر لاپتہ ہوسکتے ہیں۔

متعلقہ خبریں