Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ایران آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں سے کتنا ٹیکس وصول کر رہا ہے؟ برطانوی اخبار نے بتا دیا

ایرانی پارلیمنٹ کے رکن علاءالدین بروجردی نے بھی اس قسم کی فیس کا عندیہ دیا ہے

برطانوی اخبار کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ خلیج کے اہم آبی راستے آبنائے ہرمز سے محفوظ گزرنے کے لیے بعض بحری جہاز ایران کو لاکھوں ڈالر ادا کر رہے ہیں، جبکہ اس حوالے سے ایک نیا نظام بھی زیرِ غور ہے۔

رپورٹ کے مطابق جنگ سے قبل روزانہ تقریباً 135 جہاز اس راستے سے گزرتے تھے، مگر حالیہ کشیدگی کے بعد یہ تعداد نمایاں طور پر کم ہو گئی۔ یکم سے 25 مارچ کے دوران صرف 116 جہاز ہی گزر سکے، جن میں زیادہ تر چین، بھارت اور خلیجی ممالک سے تعلق رکھنے والے تھے۔

ذرائع کے مطابق کچھ جہازوں نے محفوظ راستے کے لیے 20 لاکھ ڈالر تک ادائیگی کی، جبکہ ایرانی پارلیمنٹ کے رکن علاءالدین بروجردی نے بھی اس قسم کی فیس کا عندیہ دیا ہے۔

طریقہ کار کے تحت جہازوں کو پیشگی منظوری، مخصوص کوڈ اور ایرانی حکام کی جانچ پڑتال سے گزرنا ہوتا ہے۔

دلچسپ طور پر کئی جہاز روایتی شپنگ لینز کے بجائے ایرانی سمندری حدود استعمال کر رہے ہیں، جبکہ بعض غیر ملکی جہاز پاکستانی پرچم کے تحت سفر کرتے ہوئے بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔

ادھر ماہرین کا کہنا ہے کہ پابندیوں کے باعث ادائیگیاں ایک بڑا چیلنج ہیں، تاہم خفیہ مالیاتی نیٹ ورکس کے ذریعے یہ معاملات نمٹائے جا رہے ہیں۔

دوسری جانب بھارت سمیت کئی ممالک نے ایسی ادائیگیوں سے لاعلمی ظاہر کی ہے، جس سے صورتحال مزید پیچیدہ ہو گئی ہے۔