امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر فضائی حملوں کا سلسلہ جاری ہے، تازہ ترین حملوں میں تہران اور اصفہان پر شدید بمباری کی گئی ہے۔
ایرانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایران کے دارالحکومت تہران اور اصفہان میں شدید بمباری اور دھماکوں کے واقعات پیش آئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق شہید محلاتی قبرستان، دارآباد اور نو بنیاد کے علاقوں میں دھماکے ہوئے جبکہ مہرآباد ایئرپورٹ کے قریب بھی دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔
ایرانی فضائیہ کا امریکی ایف16طیارے کونشانہ بنانے کادعویٰ
ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی فضائیہ نے امریکی ساختہ ایف16 طیارے کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں طیارہ سعودی عرب میں ہنگامی لینڈنگ کرنے پر مجبور ہوا۔ ابھی تک اس حملے میں جانی یا مالی نقصان کی تفصیلات واضح نہیں ہو سکیں، تاہم صورتحال انتہائی نازک اور کشیدہ بتائی جا رہی ہے۔
یمنی حوثیوں کا اسرائیلی فوجی تنصیبات پر حملہ
یمن کے حوثی گروپ کا کہنا ہے انہوں نے اسرائیل پر بیلسٹک میزائلوں سےحملہ کیا ہے، ہدف مقبوضہ مغربی کنارے کےجنوبی علاقوں میں اسرائیلی فوجی تنصیبات تھیں۔
حوثی گروپ کا کہنا ہے حملہ لبنان، ایران، عراق اور فلسطین میں شہریوں کی اموات اور بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کےردعمل میں کیا گیا ہے، اہداف حاصل کرنے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔




















