Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

امریکی صدر ٹرمپ نے ایرانی تیل تنصیبات پر قبضے کا عندیہ دے دیا

خارگ جزیرے پر کنٹرول حاصل کرنے کا امکان ہے لیکن یہ فیصلہ مختلف آپشنز کے جائزے کے بعد کیا جائے گا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی تیل تنصیبات پر قبضے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ امریکا ایران کے تیل پر کنٹرول حاصل کر سکتا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے برطانوی میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ امریکا ایران کے تیل وسائل حاصل کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے اور ممکن ہے کہ ایران کے مرکزی برآمدی مرکز خارگ جزیرے پر کنٹرول حاصل کیا جائے۔

برطانوی اخبار کو دیے گئے انٹرویو میں ٹرمپ نے کہا کہ ہماری پہلی ترجیح یہ ہوگی کہ ایران کے تیل تک رسائی حاصل کی جائے تاہم امریکا میں بعض حلقے اس مؤقف پر تنقید کرتے ہیں، جنہیں انہوں نے غیر معقول قرار دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ خارگ جزیرے پر کنٹرول حاصل کرنے کا امکان موجود ہے لیکن یہ فیصلہ مختلف آپشنز کے جائزے کے بعد کیا جائے گا، اس نوعیت کے اقدام کی صورت میں وہاں عارضی طور پر موجودگی بھی درکار ہو سکتی ہے۔

ٹرمپ نے ایران میں ممکنہ اقدامات کا موازنہ رواں سال کے آغاز میں وینزویلا میں ہونے والی کارروائیوں سے بھی کیا جہاں امریکا نے تیل کے شعبے میں کنٹرول حاصل کرنے کے اقدامات کیے تھے۔

دوسری جانب ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ دفاعی کارروائیاں جاری ہیں اور اب تک 5 جدید ڈرونز کو تباہ کیا جا چکا ہے۔

پاسداران کے مطابق فورسز اور ہرمزگان کے مقامی رہائشیوں نے جنوبی ساحلی علاقے میں ڈرونز کو نشانہ بنایا، اب تک تباہ کیے گئے دشمن ڈرونز کی مجموعی تعداد تقریباً 140 تک پہنچ چکی ہے۔

متعلقہ خبریں