امریکا کی جانب سے ایرانی شہر اصفہان میں 907 کلوگرام وزنی بنکر بسٹر بم استعمال کیے جانے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔
امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے رپورٹ کیا ہے کہ امریکا کی جانب سے ایرانی شہر اصفہان میں ایک بڑے اسلحہ ڈپو کو نشانہ بنایا گیا ہے، جس میں 907 کلوگرام وزنی بنکر بسٹر بم استعمال کیے گئے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ حملہ گہرائی میں موجود اسلحے کے ذخائر کو تباہ کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: یہ ہماری جنگ نہیں ہے، برطانوی وزیر اعظم نے ایران جنگ میں شامل ہونے سے صاف انکار کر دیا
رپورٹ کے مطابق حملے میں بڑی تعداد میں گہرائی میں سرایت کرنے والے دھماکا خیز ہتھیار (پینیٹریٹر میونیشنز) استعمال کیے گئے ہیں، جن کا مقصد زیرِ زمین یا مضبوط ڈھانچوں میں محفوظ اسلحے کو تباہ کرنا تھا۔ حملے کے بعد علاقے میں شدید ثانوی دھماکے بھی رپورٹ ہوئے، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ ڈپو میں بڑی مقدار میں بارودی مواد موجود تھا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی سوشل میڈیا پر دھماکوں کی ویڈیو شیئر کی، جس میں رات کے وقت آگ کے بڑے شعلے اور مسلسل دھماکے دیکھے گئے۔ ماہرین کے مطابق ایسے حملوں میں بنکر بسٹر بم اس لیے استعمال کیے جاتے ہیں تاکہ پہلے مضبوط تہہ کو توڑا جائے اور پھر اندر موجود اسلحہ خود مزید دھماکوں کا باعث بنے۔




















