روس کے زیرِ انتظام کریمیہ میں روسی فوج کا ایک اے این 26 عسکری ٹرانسپورٹ طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں عملے سمیت 29 افراد ہلاک ہوگئے۔
روسی وزارتِ دفاع کے مطابق طیارے میں عملے کے 6 افراد اور 23 مسافر سوار تھے، اور کوئی بھی زندہ نہ بچ سکا۔
ابتدائی معلومات کے مطابق طیارہ معمول کی پرواز کے دوران ریڈار سے غائب ہوا، جس کے بعد سرچ اینڈ ریسکیو ٹیموں نے ملبہ کریمیہ کے پہاڑی علاقے میں تلاش کر لیا۔ روسی حکام کا کہنا ہے کہ حادثہ بظاہر تکنیکی خرابی کے باعث پیش آیا۔
مزید پڑھیں: امریکی مشکلات میں اضافہ، روس نے ایران کی حمایت کا اعلان کر دیا
روسی وزارتِ دفاع نے واقعے کی مکمل تحقیقات کے لیے ایک فوجی کمیشن تشکیل دے دیا ہے، جو طیارے کے گرنے کی اصل وجوہات کا جائزہ لے رہا ہے۔ ابتدائی بیان میں کسی بیرونی حملے یا دشمن کارروائی کے شواہد نہیں ملے۔
یہ حادثہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب خطے میں جنگی کشیدگی کے باعث فوجی پروازوں کی حساسیت پہلے ہی بڑھ چکی ہے، جس سے روسی عسکری ہوا بازی کی سیفٹی پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔



















