Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

یہ ہماری جنگ نہیں ہے، برطانوی وزیر اعظم کا دو ٹوک جواب

ہم پر چاہے جتنا بھی دباؤ ہو، ہم صرف برطانوی مفاد میں فیصلے کریں گے، کیئر اسٹارمر

برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے ایران سے جاری کشیدگی کے تناظر میں واضح اعلان کیا ہے کہ یہ جنگ برطانیہ کی نہیں اور ان کا ملک اس میں شامل نہیں ہوگا، جبکہ دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ کے نیٹو سے ممکنہ انخلا کے بیان نے عالمی سیاست میں ہلچل مچا دی ہے۔

ڈاؤننگ اسٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسٹارمر نے کہا کہ برطانیہ کشیدگی کم کرنے اور امن کے قیام کے لیے تیزی سے کام کر رہا ہے، تاہم انہوں نے تسلیم کیا کہ اس جنگ کے اثرات برطانیہ کے مستقبل پر ضرور پڑیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ اس ہفتے وزیر خارجہ یویٹی کوپر کی میزبانی میں ایک اہم اجلاس ہوگا جس میں خلیجی خطے میں سمندری سکیورٹی کو بہتر بنانے پر غور کیا جائے گا۔

اس کے بعد برطانوی فوجی ماہرین بھی اجلاس کریں گے تاکہ جنگ کے بعد آبنائے ہرمز کو محفوظ اور کھلا رکھنے کے اقدامات طے کیے جا سکیں۔

توانائی بحران کے حوالے سے سوال پر اسٹارمر نے کہا کہ حکومت صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے، جبکہ انہوں نے یورپ کے ساتھ دفاعی اور معاشی تعاون بڑھانے پر بھی زور دیا۔

ادھر ٹرمپ کے اس بیان کہ امریکہ نیٹو سے نکلنے پر غور کر رہا ہے، نے اتحادی ممالک میں تشویش پیدا کر دی ہے، خاص طور پر اس کے بعد جب کئی ممالک نے ایران کے خلاف کارروائی میں حصہ لینے سے انکار کیا۔

اسٹارمر نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ ہم پر چاہے جتنا بھی دباؤ ہو، ہم صرف برطانوی مفاد میں فیصلے کریں گے، اور اسی لیے واضح کر دیا ہے کہ ہم اس جنگ کا حصہ نہیں بنیں گے۔