Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ایران کی نئی قیادت نے امریکا سے جنگ بندی کی درخواست کی ہے، ٹرمپ کا نیا دعویٰ

جنگ بندی کا فیصلہ اُس وقت ہوگا جب اہم بحری گزرگاہ آبنائے ہرمز مکمل طور پر کھلی اور محفوظ ہو

امریکی صدر نے ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کی نئی قیادت نے امریکا سے جنگ بندی کی درخواست کی ہے، جس پر غور جاری ہے، تاہم اس کے لیے سخت شرائط بھی سامنے رکھ دی گئی ہیں۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر اپنے بیان میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کی نئی قیادت ماضی کے مقابلے میں کم شدت پسند اور زیادہ سمجھدار ہے، اور اسی قیادت نے جنگ بندی کے لیے رابطہ کیا ہے۔

امریکی صدر نے واضح کیا کہ کسی بھی جنگ بندی کا فیصلہ اُس وقت ہوگا جب اہم بحری گزرگاہ آبنائے ہرمز مکمل طور پر کھلی اور محفوظ ہو۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اس شرط کے پورا نہ ہونے تک ایران کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رہ سکتی ہیں۔

ٹرمپ نے مزید دعویٰ کیا کہ امریکا کا مقصد ایران میں حکومت کی تبدیلی نہیں تھا بلکہ اسے جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا تھا، اور ان کے بقول یہ ہدف حاصل کر لیا گیا ہے۔

دوسری جانب ایران نے امریکی مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے سخت ردعمل دیا ہے، پاسدارانِ انقلاب نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول ایران کے پاس ہے اور یہ امریکی دباؤ یا ٹرمپ کے ڈراموں سے نہیں کھلے گی۔

ایرانی حکام نے مزید خبردار کیا کہ دشمنوں کے لیے آبنائے ہرمز مکمل طور پر بند رکھی جا سکتی ہے، جس سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ٹرمپ ایران کے معاملے پر دو سے تین ہفتوں میں صورتحال واضح ہونے کا عندیہ دے چکے ہیں، تاہم زمینی حقائق اب بھی غیر یقینی کا شکار ہیں اور دنیا کی نظریں اس تنازع کے اگلے مرحلے پر جمی ہوئی ہیں۔