کمبوڈیا نے تھائی لینڈ کے ساتھ تمام سرحدی گزرگاہیں غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دی ہیں، جبکہ دونوں ممالک کی افواج کے درمیان لڑائی ہفتے کے روز بھی جاری رہی، حالانکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جنگ بندی پر اتفاق کا دعویٰ کیا تھا۔
کمبوڈیا کی وزارت داخلہ کے مطابق سرحدی راستے تاحکم ثانی بند رہیں گے۔ تھائی وزیر اعظم انوتن چرن وراکول نے کہا کہ انہوں نے صدر ٹرمپ کو آگاہ کیا ہے کہ کمبوڈیا کے فوجی انخلا اور سرحد سے بارودی سرنگیں ہٹائے بغیر جنگ بندی ممکن نہیں۔
تھائی حکام کے مطابق ہفتے کو مزید چار فوجی ہلاک ہوئے، جس کے بعد پیر سے اب تک ہلاک ہونے والے تھائی فوجیوں کی تعداد 15 اور زخمیوں کی تعداد 270 ہو گئی، جبکہ چھ شہری بھی زخمی ہیں۔
کمبوڈیا نے فوجی جانی نقصان کے تازہ اعداد و شمار جاری نہیں کیے، تاہم جمعے کو کم از کم 11 شہری ہلاک اور 59 زخمی ہونے کی تصدیق کی تھی۔
کمبوڈیا کی وزارت دفاع نے الزام عائد کیا کہ تھائی ایف-16 طیاروں نے ہوٹلوں اور ایک پل پر بمباری کی، جبکہ تھائی لینڈ کے مطابق کمبوڈیائی راکٹ حملوں میں شہری زخمی ہوئے۔ دونوں ممالک نے مزید فضائی اور زمینی حملوں کی تصدیق کی ہے۔
کشیدگی کے باعث دونوں جانب سے مجموعی طور پر سات لاکھ سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔
صدر ٹرمپ نے رواں ہفتے کہا تھا کہ وہ فون کال کے ذریعے جنگ بندی کروا سکتے ہیں اور انہوں نے سوشل میڈیا پر اکتوبر میں طے پانے والے معاہدے کے تحت فوری فائر بندی کا اعلان بھی کیا، تاہم دونوں ممالک نے بعد ازاں کسی فوری جنگ بندی کی تصدیق نہیں کی۔
کمبوڈیا نے واضح کیا کہ وہ اپنی خودمختاری کے تحفظ کے لیے لڑائی جاری رکھے گا، جبکہ تھائی لینڈ نے خود کو جارح قرار دینے سے انکار کرتے ہوئے امریکا کو خبردار کیا کہ تنازع کو تجارت یا ٹیرف سے نہ جوڑا جائے۔
کمبوڈیا کے مطابق 13 دسمبر 2025 کو تھائی فضائیہ نے دو ایف-16 طیاروں سے سات بم گرائے، جبکہ تھائی فوج نے بھی لڑائی جاری رہنے کی تصدیق کی۔
یہ سرحدی تنازع 24 جولائی کو اس وقت شدت اختیار کر گیا تھا جب کمبوڈیا نے راکٹ حملے کیے اور تھائی لینڈ نے فضائی کارروائی کی۔
اکتوبر میں امریکا اور ملائیشیا کی ثالثی سے فوری جنگ بندی طے پائی تھی، تاہم دونوں جانب سے خلاف ورزیوں کے الزامات، بارودی سرنگوں کے تنازع اور حالیہ جھڑپوں کے باعث کشیدگی برقرار ہے۔
دونوں ممالک ایک صدی سے زائد عرصے سے 800 کلومیٹر طویل سرحد پر تنازع میں الجھے ہوئے ہیں، جو 1907 میں فرانسیسی دور میں متعین کی گئی تھی۔
















