Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

تناؤ کی صورت میں خاتون کو گردن چٹخانا مہنگا پڑگیا

عام رجحان ہے کہ جب کسی کے گردن میں درد ہوتا ہے تو تناؤ کم کرنے کے لیے اسے ہلکا سا موڑا  یا جھٹکا دیا جاتا ہے جس سے گردن کے اکڑے ہوئے پٹھے آرام دہ حالت میں آجاتے ہیں، تاہم امریکی خاتون کو یہ سادہ سا عمل مہنگا پڑگیا، اور وہ عارضی طور پر بینائی اور بولنے کی صلاحیت سے محروم ہو گئی۔

کی لین فیلتھاگر نامی امریکی خاتون والمارٹ سے گھر واپس جارہی تھی کہ انہیں سر میں درد محسوس ہوا انہوں نے عادتاً تناؤ کم کرنے کے لیے اپنی گردن دائیں جانب موڑی اور چٹخائی۔ طویل کام کے دن کے بعد گردن چٹخانا ان کی عادت بن چکی تھی لیکن اس بار معاملہ مختلف تھا گردن سے آواز آنے کے فوراً بعد انہیں گردن میں تیز درد محسوس ہوا۔

یہ درد معمول کا نہیں لگ رہا تھا، اور کئی دن گزرنے کے باوجود کم نہ ہونے پر بھی انہوں نے ڈاکٹر سے رجوع کرنے کے بجائے صرف عام درد کش ادویات استعمال کیں پانچ دن بعد صورتِ حال اچانک بگڑ گئی۔

کی لین اپنے کچن میں ڈیٹ کے لیے تیار ہو رہی تھیں کہ اچانک ان کی آنکھ کے سامنے تیز روشنی چمکی اور ان کی بینائی چلی گئی۔ پلکیں جھپکنے سے بھی فرق نہ پڑا، تاہم تقریباً 15 منٹ بعد بینائی واپس آ گئی، جسے انہوں نے ایک وقتی عجیب واقعہ سمجھ کر نظرانداز کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں: دوارن حمل تناؤ بچے کی ذہنی صحت کو کس طرح متاثر کرتا ہے؟

انہوں نے واقعہ کو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی دائیں آنکھ کے سامنے ایک تیز روشنی چمکی، اور پھر دکھائی دینا بند ہوگیا، ایسا لگا جیسے صرف روشنی نظر آ رہی ہو، لیکن دائیں طرف کچھ بھی دکھائی نہیں دے رہا تھا۔

بینائی جانے کے فوراً بعد، کی لین کے جسم کے دائیں حصے میں سنسناہٹ ہوئی، جو پھر وہ بے حس ہوگیا، لیکن جب وہ ٹھیک سے بول نہ سکیں اور الفاظ کی جگہ بے ربط آوازیں نکلنے لگیں تو انہیں اندازہ ہوا کہ معاملہ سنگین ہے۔ ان کے شوہر فوراً انہیں اسپتال لے گئے۔

اسپتال میں سی ٹی اسکین کے بعد ڈاکٹروں نے تصدیق کی کہ انہیں فالج ہوا تھا۔ جب کی لین نے گاڑی میں گردن موڑنے کے بعد ہونے والے درد کے بارے میں بتایا تو ڈاکٹروں نے وضاحت کی کہ گردن چٹخانے سے ایک شریان میں دراڑ (آرٹری ڈسیکشن) پڑ گئی تھی، جس کے نتیجے میں خون کا لوتھڑا دماغ تک پہنچا اور فالج کا سبب بنا خوش قسمتی سے خون کا لوتھڑا خود ہی تحلیل ہو گیا، اس لیے سرجری کی ضرورت پیش نہ آئی۔

کی لین فیلتھاگر اب مکمل طور پر صحت یاب ہو چکی ہیں، لیکن ان کا کہنا ہے کہ اس واقعے نے انہیں یہ احساس دلایا کہ انسانی جسم کتنا نازک ہے اور حالات کتنی تیزی سے بگڑ سکتے ہیں۔

گردن جسم کا ایک نہایت حساس حصہ ہے اور بظاہر معمولی حرکات جیسے سر کو تیزی سے موڑنا بھی بعض اوقات فالج کا سبب بن سکتا ہے۔