راولپنڈی: پاک بحریہ میں کمیشن ہونے والا جدید ملجم کلاس جہاز پی این ایس خیبر ترکی سے پاکستان کے لیے روانہ ہو گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پی این ایس خیبر نے اپنے پہلے سفر کے دوران ترکی کے آکساز نیول بیس کا دورہ کیا، جہاں جہاز نے ترک بحریہ کے ساتھ دوطرفہ مشق ’’ترگت رئیس-13‘‘ اور مشترکہ گشت میں حصہ لیا۔
مشق کے دوران مشترکہ سمندری آپریشنز، باہمی ہم آہنگی اور پیشہ ورانہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی۔ دونوں بحری افواج نے خطے میں سمندری سلامتی کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔
آکساز میں قیام کے دوران پی این ایس خیبر کے کمانڈنگ آفیسر نے ترک سدرن سی ایریا کمانڈر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ بحری تعاون کو مزید فروغ دینے اور مشترکہ کوششوں کے ذریعے علاقائی استحکام کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر ترک سدرن سی ایریا کمانڈر، کمانڈر آکساز نیول بیس اور ترک نیول فورسز کے دیگر سینئر افسران نے بھی پی این ایس خیبر کا دورہ کیا اور پاک بحریہ کے جہاز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔
پی این ایس خیبر کی پاکستان آمد سے پاک بحریہ کی دفاعی صلاحیتوں میں مزید اضافہ متوقع ہے۔















