Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان کی اہم ملاقات

ملاقات میں ایران کی جانب سے سعودی عرب پر حالیہ حملوں پر تبادلہ خیال کیا گیا

چیف آف آرمی اسٹاف، چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے  سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے اہم ملاقات کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے  اس ملاقات پر ایک بیان جاری کیا جس میں کہا گیا کہ “چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سعودی عرب کا دورہ کیا اور مملکت کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے ایران کی جانب سے مملکت پر ڈرون اور میزائل حملوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والی سیکیورٹی صورتحال کی سنگینی اور انہیں روکنے کے لیے اسٹریٹیجک باہمی دفاعی معاہدے کے فریم ورک کے تحت درکار مشترکہ اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔”

بیان کے مطابق “اس بات پر زور دیا گیا کہ بلااشتعال جارحیت علاقائی سلامتی اور استحکام کے لیے کی جانے والی کوششوں کو نقصان پہنچاتی ہے اور تنازعات کے پرامن حل کے امکانات کو محدود کرتی ہے۔ دونوں فریقوں نے امید اور خواہش کا اظہار کیا کہ برادر ملک ایران کسی بھی غلط اندازے سے بچنے کے لیے دانشمندی اور بصیرت کا مظاہرہ کرے گا اور بحران کے پرامن حل کے خواہاں دوست ممالک کی کوششوں کو تقویت دے گا۔”

سعودی عرب کی وزارتِ دفاع کے مطابق ملاقات میں ایران کی جانب سے سعودی عرب پر حالیہ حملوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ حملے خطے کے امن و استحکام کے لیے نقصان دہ ہیں اور امید ظاہر کی کہ ایران دانشمندی اور عقل مندی سے کام لے گا اور غلط حساب کتاب سے گریز کرے گا۔

ملاقات میں سعودی عرب کی جانب سے چیف آف جنرل سٹاف جنرل فیاض بن حامد الرویلی اور وزیرِ دفاع کے مشیر برائے انٹیلی جنس ہشام بن عبدالعزیز بن سیف شریک ہوئے۔

پاکستانی وفد میں فیلڈ مارشل کے سیکریٹری میجر جنرل محمد جواد طارق موجود تھے۔