صدرمملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے خواتین کے عالمی دن پر خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔
صدر آصف علی زرداری
صدر آصف علی زرداری نے عالمی یومِ خواتین پر پاکستانی خواتین کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ خواتین کی شمولیت کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی۔
ان کا کہنا تھا کہ قائدِ اعظم نے خواتین کی مساوی شرکت کو قومی ترقی کے لیے ضروری قرار دیا تھا، محترمہ فاطمہ جناح اور بیگم نصرت بھٹو کی جدوجہد خواتین کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔
صدر زرداری نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی قیادت پاکستانی خواتین کے عزم کی روشن مثال ہے، کاک پٹ سے پارلیمنٹ تک خواتین کی خدمات قابلِ تحسین ہیں، جبکہ آئینی اقدامات سے پارلیمان اور صوبائی اسمبلیوں میں خواتین کی نمائندگی یقینی بنائی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: خواتین کا عالمی دن؛ مساوی حقوق کیلئے جنگ اب بھی جاری ہے
انہوں نے امتیازی قوانین اور نقصان دہ سماجی رویوں کے خاتمے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مساوی حقوق سے خواتین کی تعلیم، روزگار اور تحفظ ممکن بنتا ہے خواتین کے خلاف امتیاز کے خاتمے کے لیے پاکستان عالمی معاہدوں کا پابند ہے نیشنل کمیشن آن دی اسٹیٹس آف ویمن اور دیگر ادارے خواتین کے حقوق کے لیے سرگرم ہیں۔
صدر زرداری کا کہنا تھا کہ دیہی خواتین زراعت اور معیشت میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام اور ویمن امپاورمنٹ پیکج خواتین کی معاشی بہتری کے لیے اہم ہے۔
صدر مملکت نے مزید کہا کہ خواتین کو قرض، جائیداد اور روزگار تک برابر رسائی دینا ضروری ہے ترقی کا اصل پیمانہ خواتین کی زندگی میں عملی بہتری ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خواتین کےعالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ آج خواتین کےعالمی دن پر پاکستان اور دنیا بھر کی خواتین کو خراج عقیدت اور جذبہ خیر سگالی کا اظہار کرتا ہوں۔ بالخصوص پاکستان کی خواتین، ماؤں بہنوں، بیٹیوں کو سلام اور مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اس سال خواتین کا عالمی دن “حقوق، انصاف اور عمل : تمام خواتین اور بچیوں کے لیے” کے عنوان کے تحت منایا جارہا ہے۔ یہ عنوان حقوق نسواں کے تخفظ کے عزم کا اظہار ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ خواتین کے حقوق کی حفاظت ملکی پائیدار ترقی اور قومی خوشحالی کی ضمانت ہے قوم کی مجموعی ترقی و خوشحالی کو خواتین کے لیے یکساں مواقع اور بامعنی شمولیت ہی یقینی بناتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کی محنت، عزم و ہمت اور زندگی کے ہر شعبے میں گراں قدر خدمات ہمارے لیے من الحیث قوم باعث فخر اور باعث تقویت ہیں۔ خواتین نہ صرف خاندان بلکہ، معاشرہ اور قوم کی مثبت اقدار پر مبنی بنیاد میں کلیدی حیثیت رکھتی ہیں۔
شہباز شریف کا یہ بھی کہنا تھا کہ تعلیم سے لے کر کھیل تک، گھروں سے لےکر حکومت تک، پاکستانی خواتین کی استقامت اور کامیابیاں ایک مضبوط اور خوشحال ملک کی تعمیر میں انقلابی کردار ادا کر رہی ہیں۔ وزیراعظم، اسپیکر اسمبلی، وزارت اعلی کے عہدوں سے لے کر عدلیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں، صحت، تعلیم، کاروبار اور مسلح افواج تک، خواتین نے آنے والی نسلوں کے لیے نئی راہیں ہموار کی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کا عزم پختہ ہے کہ ایسا ماحول یقینی بنایا جائے جہاں خواتین کسی بلا امتیاز و خوف اپنی مکمل صلاحیتوں کو بروئے کار لا سکیں۔ پاکستان میں حقوق نسواں کے قانونی تخفظ کے لیۓ موثر قانون سازی موجود ہے۔ جو ہراسانی اور استحصال کے خلاف قومی عزم کامظہر ہیں۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ خواتین کی معیاری تعلیم تک رسائی، مالی شمولیت، خواتین کاروباری شخصیات کی حمایت، کام کی جگہوں پر تحفظ اور ہراسانی و تشدد کے خلاف موثر اقدامات حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ آئیے ہم سب مل کر ایسا معاشرہ تشکیل دیں جہاں ہر عورت کو عزت، وقار اور ترقی کے مساوی مواقع حاصل ہوں تاکہ پاکستان ایک زیادہ منصفانہ، ترقی یافتہ اور جامع مستقبل کی طرف بڑھ سکے۔















