Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

خاتون نے بلند آواز میں گنتی گن کر 18 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا

اینی نے بتایا کہ زندگی میں کچھ نیا اور منفرد کرنے کی خواہش نے انہیں اس ریکارڈ کی کوشش کرنے پر آمادہ کیا

نائیجیریا کی ایک خاتون نے مسلسل 70 دن تک بلند آواز میں گنتی گن کر گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا۔

نائیجیریا سے تعلق رکھنے والی فَیور اوگیچی اینی نے 10 لاکھ 70 ہزار تک گن کر بلند آواز میں سب سے زیادہ گنتی گننے کا ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔

واضح رہے کہ گنیز ورلڈ ریکارڈز میں ماضی میں بھی کئی عجیب و غریب ریکارڈز درج ہوئے ہیں، تاہم فَیور اوگیچی اینی کا یہ ریکارڈ نہ صرف منفرد بلکہ انتہائی مشکل بھی سمجھا جا رہا ہے۔

نائیجیریا سے تعلق رکھنے والی اس خاتون نے اکتوبر 2025 میں اپنے گھر میں رہتے ہوئے 70 دن تک مسلسل گنتی گنی اور بالآخر 10 لاکھ 70 ہزار تک پہنچ گئیں۔

بظاہر بلند آواز میں گنتی کرنا کوئی مشکل کام نہیں لگتا، لیکن روزانہ تقریباً 14 گھنٹے تک 70 دن مسلسل گنتی کرنا ایک انتہائی صبر آزما عمل ہے۔ یہ مسلسل اور طویل کام ہے جو کسی بھی شخص کو ذہنی طور پر تھکا سکتا ہے، تاہم اینی نے اپنی گنتی گننے کے شوق اور 18 سال پرانا ریکارڈ توڑنے کے عزم کے باعث ہمت نہیں ہاریں۔

یہ بھی پڑھیں: ’سب سے بڑا پپلیئنگ کارڈ اسٹرکچر‘ 15 سالہ لڑکے نے گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا

ریکارڈ قائم کرنے کے بعد فَیور اوگیچی اینی کا کہنا تھا کہ سچ کہوں تو یہ بہت مشکل تھا، لیکن گنتی کے لیے میرا شوق مجھے مسلسل آگے بڑھاتا رہا۔ میرے ساتھ ایک بہترین ٹیم تھی جو میری حوصلہ افزائی کرتی رہی اور مشکلات کے باوجود یہ تجربہ دلچسپ بھی رہا۔ اس ہدف کو حاصل کرنے کا میرا عزم ایسا تھا کہ میں نے کبھی ہار ماننے کے بارے میں سوچا ہی نہیں۔

انہوں نے 8 اکتوبر کو اپنی روزانہ کی گنتی کو یوٹیوب پر لائیو اسٹریم کرنا شروع کیا، جس سے ان کے ریکارڈ کی تصدیق میں بھی مدد ملی۔ ان کے مطابق لوگوں کی حوصلہ افزائی بھی ایک بڑا محرک تھی جس نے انہیں 16 دسمبر تک مسلسل گنتی جاری رکھنے کا حوصلہ فراہم کیا۔

فَیور اوگیچی اینی نے بتایا کہ زندگی میں کچھ نیا اور منفرد کرنے کی خواہش نے انہیں اس ریکارڈ کی کوشش کرنے پر آمادہ کیا۔ ان کے مطابق حدود کو توڑنے اور کچھ غیر معمولی حاصل کرنے کی اندرونی خواہش ہی ان کی اصل طاقت تھی۔

اس سے قبل یہ ریکارڈ 18 سال تک برقرار رہا تھا جس میں بلند آواز میں 10 لاکھ تک گنتی گنی گئی تھی۔ تاہم اینی نے صرف 10 لاکھ ایک تک گننے پر اکتفا نہیں کیا بلکہ اس عمل کو جاری رکھتے ہوئے 10 لاکھ 70 ہزار تک پہنچ گئیں۔

اپنے آخری دن کو یاد کرتے ہوئے انہوں نے کہا، گنتی کے آخری دن جذباتی تھے۔ آخری نمبر بولتے وقت مجھے بیک وقت خوشی اور سکون دونوں محسوس ہو رہا تھا۔ یہ ایک ناقابلِ یقین احساس تھا کہ میں نے واقعی کچھ منفرد حاصل کر لیا ہے۔