پاکستان اور انڈونیشیا کے برادرانہ تعلقات کے ایک اور یادگار لمحے میں پاک فضائیہ کے جنگی طیاروں نے انڈونیشیا کے صدر پرابووو سبیانتو کو شاندار اور پرتپاک فضائی سلامی پیش کی۔
پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوتے ہی پاک فضائیہ کے 6 جے ایف-17 تھنڈر جنگی طیاروں نے انڈونیشین صدر کے طیارے کو حصار میں لیتے ہوئے خصوصی فضائی فارمیشن کے ساتھ خوش آمدید کہا۔
پاک فضائیہ کی اس دلکش فلائی پاسٹ نے استقبال کو منفرد اور تاریخی بنا دیا۔
انڈونیشیا کے صدر نے پاکستانی قیادت، پاک فضائیہ اور عوام کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی جانب سے یہ پرتپاک استقبال دونوں ممالک کے درمیان باہمی احترام اور دیرینہ دوستی کی بہترین مثال ہے۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق، فضائی سلامی اور شاندار استقبال پاکستان اور انڈونیشیا کے مابین بھائی چارے، تعاون اور خیر سگالی کی روایات کا مظہر ہے، جبکہ اس سے دونوں ممالک کے مستقبل کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
پاکستان کی فضاؤں میں پیش کیا جانے والا یہ منفرد استقبال دونوں ممالک کی پائیدار شراکت داری، اسٹریٹجک تعاون اور گرمجوش دوستی کا واضح ثبوت ہے۔



















