امریکی حکومت کی جانب سے گزشتہ برس نومبر میں سکوں کی پیداوار بند کیے جانے کے بعد چھاپے گئے آخری تین سکے لاکھوں ڈالر میں نیلام ہو گئے۔
امریکی منٹ (محکمۂ خزانہ کا ذیلی ادارہ) کے مطابق جمعرات کو اسٹیکس باورز گیلریز میں ہونے والی نیلامی کے دوران تین سینٹ کے مجموعی طور پر 232 سیٹ فروخت کیے گئے، جن کی مجموعی مالیت ایک کروڑ 67 لاکھ 60 ہزار ڈالر رہی۔
نیلامی میں پیش کیا گیا 232 واں اور آخری سیٹ، جس میں امریکہ کے آخری چھاپے گئے تین سینٹ کے سکے شامل تھے، 8 لاکھ ڈالر میں فروخت ہوا۔ خریدار کو ان سکوں کے ساتھ وہ تین ڈائیز بھی فراہم کی گئیں جن کے ذریعے یہ سکے تیار کیے گئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: سن 1921 کے اس امریکی سکے میں کیا راز چھپا ہوا ہے؟ جان کر آپ کے ہوش اڑ جائیں گے
اسٹیکس باورز کے عہدیدار جان کریلژوک نے اس موقع پر کہا کہ نیلامی میں اشیا کی اصل مارکیٹ ویلیو کا اندازہ اس وقت ہوتا ہے جب بولی لگتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ گزشتہ 40 برس سے سکوں کی نیلامیوں سے وابستہ ہیں، تاہم انہوں نے اس نوعیت کی نیلامی پہلے کبھی نہیں دیکھی۔
واضح رہے کہ امریکی حکومت نے گزشتہ برس نومبر میں سکوں کی پیداوار بند کرنے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد یہ سکے تاریخی حیثیت اختیار کر گئے۔















