کراچی میں آج صبح سے دھند کا راج ہے جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں حدِ نگاہ میں کمی دیکھی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع زیادہ تر صاف رہے گا تاہم صبح کے اوقات میں ہلکی دھند برقرار رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 29 سے 31 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہ سکتا ہے جبکہ گزشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت 18 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
ہوا میں نمی کا تناسب 90 فیصد تک پہنچ گیا ہے جس کے باعث فضا میں خنکی اور نمی کا احساس بڑھ گیا ہے۔
یاد رہے کہ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ رمضان المبارک کے آغاز کے ساتھ ہی ملک کے بیشتر علاقوں میں گرم اور خشک موسم رہنے کا امکان ہے، خاص طور پر روزوں کے ابتدائی دنوں میں درجہ حرارت نسبتاً زیادہ رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
رمضان کے پہلے عشرے کے دوران بارش کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں اور دن کے اوقات میں بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا تاہم ملک کے وسطی اور شمالی شہروں میں درجہ حرارت معتدل رہنے کی توقع ہے۔



















