Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پیٹرولیم مصنوعات کی ملکی ضروریات کے لیے مناسب مقدار موجود ہے، وزیراعظم

وزیراعظم نے کہا کہ صوبائی حکومتیں موٹر سائیکلوں اور رکشہ مالکان کو رجسٹریشن ان کے اپنے نام کروانے کے لیے تمام سہولیات فراہم کریں

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ حکومتی فیصلوں کی بدولت پیٹرولیم مصنوعات کی ملکی ضروریات کے لیے مناسب مقدار موجود ہے۔

وزیراعظم محمد شہبازشریف کی زیر صدارت خطے کی صورتحال کے پیش نظر ایندھن کی بچت اور کفایت شعاری کے لیے جاری اقدامات کے نفاذ پر جائزہ اجلاس ہوا۔

وزیراعظم نے دوران اجلاس گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ صورتحال میں عوامی ریلیف کواولین ترجیح دی جس قدر ممکن ہو سکا گزشتہ تین ہفتوں میں عوام کو ریلیف فراہم کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ تیل کی قیمتوں کو بڑھنے سے روکنے کے لیے وفاقی حکومت نے 125 ارب روپیہ کی خطیر رقم مختلف بچتوں اور ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی کرکے دی تاکہ عوام عالمی سطح پر کشیدگی کے براہ راست اثرات سے محفوظ رہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ صوبائی حکومتیں موٹر سائیکلوں اور رکشہ مالکان کو رجسٹریشن ان کے اپنے نام کروانے کے لیے تمام سہولیات فراہم کریں اس اقدام سے ملک بھر کے موٹر سائیکلوں اور رکشوں کا ڈیٹا ڈیجیٹائز ہو جائے گا اور ان کے مالکان کو مستقبل میں حکومت کی طرف سے دیے جانے والے ریلیف سے مستفید ہونے کا موقع ملےگا۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے چیف سیکریٹریوں کے ساتھ رابطے تیز کرنے کی ہدایت دی۔

اس موقع پر اجلاس کے شرکاء نے عوام سے گزارش  کی کہ بچت مہم میں حکومت کا ساتھ دیں اور غیر ضروری سفر سے پرہیز کریں دفاتر و کام کی جگہوں پر ٹیلی کانفرینسنگ کو ترجیح دی جائے۔

اجلاس کو کفایت شعاری اور بچت کے اقدامات پر عملدرآمد کی پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی طلب و رسد اور پورے سپلائی چین کی با قاعدگی سے نگرانی کی جارہی ہے اور اس سلسلے میں ایک ڈیجیٹل ڈیش بورڈ بھی تیار کیا گیا ہے اپریل کے لیے پیٹرول کی درآمد کا انتظام ہو چکا ہے۔

اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا گیا کہ دیگر ممالک کے بر عکس پاکستان میں ایندھن کی فراہمی کے حوالے سے نہ تو لمبی قطاریں ہیں اور نہ ہی بد انتظامی ہے جو حکومت کے بہترین انتظام کو ثبوت ہے بروقت حکومتی اقدامات کی بدولت ملک میں تیل کی صورتحال کو احسن طور سے مینیج کیا گیا ہے۔

دوران اجلاس موٹر سائیکل سواروں اور رکشہ چلانے والوں کیلئے مجوزہ فیول سپورٹ پروگرام کیلئے تیار شدہ ایپ پر بھی بریفننگ دی گئی۔

ویڈیو لنک اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار ، وفاقی وزراء احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب،  علی پرویز ملک،  عطاء اللہ تارڑ ، ڈاکٹر مصدق ملک ، احسن اقبال ، شزا فاطمہ خواجہ، اویس خان لغاری، معاون خصوصی طارق باجوہ، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔